جموں،جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے لوہائی ملہار علاقے میں پر اسرار طورپر لاپتہ ہوئے تین افراد کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ہفتے کے روز بھی فوج اور پولیس کی جانب سے تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تاہم ابھی تک گمشدہ شہریوں کا کوئی سراغ نہیں مل پایا ۔
اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ میں گزشتہ دو دنوں سے لاپتہ تین مقامی شہریوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پرتلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز کٹھوعہ کے لوہائی ملہار علاقے میں تین افراد جن کی شناخت 15سالہ ورن سنگھ ولد چمیل سنگھ ساکن ڈھوٹا ، 32سالہ یوگیش سنگھ ولد شوری لال اور 40سالہ درشن سنگھ ساکنان مرہون پر اسرار طورپر لاپتہ ہوئے۔
معلوم ہوا ہے کہ تینوں شادی کی تقریب میں شرکت کی خاطر گھر سے نکلے لیکن گزشتہ دو دنوں سے وہ گھر واپس نہیں لوٹ آئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج اور ایس او جی نے جمعے کی صبح کٹھوعہ کے کئی جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جو ہفتے کے روز بھی جاری ہے۔
بھارتیہ جنتاپارٹی کے ممبر اسمبلی ستیش شرما نے یہ معاملہ اسمبلی میں اٹھایا کہ کٹھوعہ کے دور افتادہ علاقے میں تین افراد لاپتہ ہوئے ہیں جنہیں جلدازجلد باز یاب کیا جائے ۔
یو این آئی۔ ارشید بٹ