کٹھوعہ میں تین افراد کی لاشیں پر اسرار حالت میں برآمد

جموں،جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے لوہی ملہار علاقے میں گزشتہ دو روز سے لاپتہ تین افراد کی لاشیں ہفتے کی سہ پہر پرا سرار حالت میں برآمد کی گئی ۔

معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر موت کی وجوہات کا پتہ لگانے کی خاطر بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق دو روز قبل کٹھوعہ کے لوہی ملہار علاقے میں کمسن لڑکے سمیت تین افراد شادی بیاہ کی تقریب میں حصہ لینے کی خاطر گھر سے نکلے تاہم دوبارہ گھر واپس نہیں لوٹے۔

ذرائع نے بتایا کہ اہل خانہ نے نزدیکی پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کی جس کے بعد پولیس اور فوج نے جمعے کی صبح کٹھوعہ کے جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔

انہوں نے مزید کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہفتے کی سہ پہر کٹھوعہ کے جنگلی علاقے میں تینوں کی لاشیں برآمد کیں۔

پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 15سالہ ورن سنگھ ولد چمیل سنگھ ، یوگیش سنگھ ولد شوری لال اور درشن سنگھ ساکنان مارہون کٹھوعہ کی لاشیں جنگلی علاقے سے برآمد ہونے کے بعد پولیس نے قانونی اور طبی لوازمات پورے کئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ملی ٹینسی زاویہ کی بھی تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔

دریں اثنا جوں ہی کٹھوعہ کے لوہی ملہار گاوں میں لاپتہ ہوئے تین افراد کی لاشیں برآمد ہونے کی خبر پھیل گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں۔

(یو این آئی)، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں