سری نگر، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کے عارضی ملازموں نے پیر کو یہاں اپنے مطالبوں کو لے کر زبردست احتجاج درج کیا۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کی تاہم اس کو ناکام بنا دیا گیا۔
اس موقع پر جموں وکشمیر ڈیلی ویجرس فورم کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا: ‘ہم نے آج وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے گھیرائو کا پروگرام دیا تھا لیکن پولیس نے اس کو ناکام بنا دیا’۔
انہوں نے کہا: ”ہم سرکار سے آسمان کے تارے نہیں مانگ رہے ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ جو الیکشن منشور اور الیکشن ریلیوں میں عارضی ملازموں کی نوکریوں کی مستقلی اور منمم ویجز ایکٹ کے حوالے سے کہا گیا اس کو پورا کیا جائے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘بجٹ میں عارضی ملازموں کے لئے صرف ایک جملہ کہا گیا کہ ہم اس کا حل تلاش کر رہے ہیں لیکن سال 2014 سے دس سال بیت گئے، بی جے پی – پی ڈی پی حکومت میں ریگولرائزیشن پالیسی بنی لیکن کوئی حل تلاش نہیں کیا گیا’۔
موصوف عہدیدار نے کہا کہ لداخ میں عارضی ملازموں کو 14 سے 45 ہزار روپیہ جبکہ دلی میں 21 سے 29 ہزار روپیے ماہانہ تنخواہ ملتے ہیں ہم نے کون سی خطا کی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر کے عارضی ملازموں نے نا مساعد حالات میں لوگوں کی خدمت کی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اگر ہمارے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو ہم جمعرات کو سکٹریٹ کے سامنے احتجاج کریں گے جس کی ذمہ داری سرکار پر ہوگی’۔
یو این آئی- ایم افضل