جموں،جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے منڈی علاقے میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس اور فوج کے سینئر آفیسر آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پونچھ کے منڈی علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج ، ایس او جی اور پیرا ملٹری فورسز کی اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ جنگلی علاقے میں مشکوک افراد کو دیکھا گیا جس کے بعد فوج اور ایس اوجی نے مشترکہ طورپر وسیع العریض جنگلی علاقوں کو سیل کیا۔
دفاعی ذرائع کے مطابق پونچھ کے جنگلی علاقوں میں مشکوک افراد کی نقل وحرکت پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ فوج اور ایس اوجی نے ایک وسیع علاقے کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
بتادیں کہ کٹھوعہ میں شہری ہلاکتوں کے بعد پونچھ ، راجوری ، سانبہ ، کٹھوعہ اور جموں میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
جموں صوبے کے حساس اضلاع میں سیکورٹی فورسز کو انتہائی ہائی الرٹ پر رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
یو این آئی، ارشید بٹ