سری نگر،منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے اونتی پورہ اور کپواڑہ میں چار منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاءبرآمد کی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کدلہ بل پانپور میں پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی زیر نمبر JK01AU-2964کو روک کر اس میں سوار تین افراد کی جامہ تلاشی لی جس دوران ان کے قبضے سے 290گرام چرس جیسی نشیلی اشیاءاور 97ہزار 5سو نقدی برآمد کی گئی چنانچہ پولیس نے موقع پر ہی تینوں کی گرفتاری عمل میں لا کر انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت نذیر احمد وانی ولد غلام محمد وانی ساکن سمر بوگ نیو کالونی، مختیار احمد میر ولد غلام حسن میر ساکن ڈورو میر میدان اننت ناگ اور جاوید احمد کاوا ولد ولی احمد کاوا ساکن سمر بوگ نیو کالونی کے بطور کی ہے۔
دریں اثنا کپواڑہ پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران مشتبہ شخص منیر احمد لون ولد ایم سلطان لون ساکن کرالہ پورہ کو روک کر اس کے قبضے سے چرس برآمد کیا۔
پولیس نے منشیات فروش کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 11/25کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کرئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو پولیس کے ساتھ اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے۔
یو این آئی- ارشید بٹ