سری نگر،جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے گزشتہ دس برسوں میں شعبہ صحت میں نمایاں ترقی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو معیاری اور سستی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔
ان باتوں کا اظہار ایل جی نے اریراج موتیہاری بہار میں شری بیرندرراے ہسپتال کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے آنجہانی شری بیرندر رائے کے اہل خانہ اور ہسپتال سے وابستہ تمام اَفراد کو مُبارک باد دی جو جدید طبی ٹیکنالوجی کے ذریعے خصوصی طبی خدمات فراہم کرے گا۔
اُنہوں نے کہا، ”شری بیرندر رائے جی کے کنبے نے اس معزز اِدارے کو عوامی خدمت اور نگہداشت کے لئے وقف کیا ہے۔ میں شری راجیو کمار، ڈاکٹر سنجیو کمار اور ان کے کنبے کو ان کی وقف خدمات کے لئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت نے گزشتہ 10 برسوں میں شعبہ صحت میں نمایاں ترقی کی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا، ”ہماری طبی ٹیکنالوجی اور علاج کے جدید طریقے دُنیا کے بہترین معیار میں شمار ہوتے ہیں اور ہمارے طبی ماہرین نے اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے جس سے وہ ترقی یافتہ ممالک کے معروف طبی اِداروں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید زور دیا کہ صحت کے ابھرتے ہوئے چیلنجوںکے پیش نظر خصوصی طبی افرادی قوت کی ترقی پر خاص توجہ دینی چاہیے اور عوام کو معیاری اور سستی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔
اُنہوں نے کہا، ”اب ہمیں صحت سہولیات کو دُور دراز علاقوں تک بڑھانے اورلوگوںکو سستی طبی خدمات فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جبکہ صحت کے تمام شعبوں میں معیاری خدمات کو یقینی بنانا ضروری ہے۔“
یو این آئی- ارشید بٹ