سری نگر، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ گلمرگ کے دلکش سکی ریزورٹ میں بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس کو اسکائنگ کے لیے عالمی معیار کی منزل بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا: ‘یہ صحیح ہے کہ سرمائی کھیلوں کے انعقاد کے لئے گلمرگ سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہے’۔
وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز گلمرگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ کیا جہاں وہ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے پانچویں ایڈیشن کی اختتامی تقریب میں شرکت کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا: ‘گلمرگ میں کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے پانچویں ایڈیشن کا انعقاد ہوا جو ایک اچھی بات ہے، پہلے کم برف کی وجہ سے ایسا نہیں لگتا تھا کہ یہاں اس سال یہ گیمز ہوں گی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ گلمرگ میں کافی برف باری ہوئی اور ہم ان گیمز کا انعقاد کر سکے جس میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا’۔
عمر عبد اللہ نے کہا: ‘یہ صحیح ہے سرمائی کھیلوں کے انعقاد کے لئے گلمرگ سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہے لیکن یہاں اس کے لئے دستیاب انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس کو اسکائنگ کے لیے عالمی معیار کی منزل بنایا جا سکے’۔
انہوں نے کہا کہ ان کھیلوں کی وساطت سے ایک تو کھلاڑیوں کو یہاں آنے کا موقع ملتا ہے اور دوسرا اس جگہ کی پبلسٹی ملتی ہے جس سے یہاں سیاحوں کا آنا جانا رہتا ہے جو جموں و کشمیر خاص کر سیاحوں کے لئے فائدہ مند ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘ ہم مقامی اسکائیرز کی مدد کرکے اور انہیں تربیت فراہم کرکے ان کی ترقی چاہتے ہیں اور اس سال ہم ایک ٹرینر سے مشورہ کرنے جارہے ہیں اور گلمرگ، سونمرگ اور دودھ پتھری کو اسکیئنگ کورسز کے لیے تیار کریں گے’۔
یو این آئی- ایم افضل