ہم پابندیوں کے فیصلوں کے حق میں کبھی نہیں رہے:عمر عبداللہ

سری نگر، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عوامی ایکشن کمیٹی اور اتحادالمسلین پر عائد پابندی کے بارے میں کہا ہے کہ وہ کبھی بھی ان فیصلوں کے حق میں نہیں رہے ہیں۔

انہوں نے کہا: ‘یہ پابندی کس بنیاد پر لگادی گئی ہے میں اس کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتا ہوں کیونکہ یہ منتخب حکومت کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے’۔

وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو گلمرگ میں کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے پانچویں ایڈیشن کی اختتامی تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا: ‘یہ (پابندی) کن بنیادوں پر لگا دی گئی ہے، میں نہیں جانتا ہوں، یہ چیزیں منتخب حکومت کے دائرہ اختیار میں نہیں ہیں اور جس انٹلی جنس کی بنیاد پر ایسا کیا گیا وہ بھی ہمارے ساتھ شیئر نہیں کی گئی’۔

ان کا کہنا تھا: ‘اصولی طور پر ہم ان فیصلوں کے حق میں کبھی نہیں رہے ہیں’۔

عمر عبداللہ نے کہا: ‘اگر دیکھا جائے تو جب سے میر واعظ صاحب خانہ نظر بند نہیں ہیں تب سے انہوں کوئی غلط بات نہیں کی ہے’۔

انہوں نے کہا: ‘ہم آگے جاکے دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے’۔

گلمرگ فیشن شو کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘میں اس بات سے انکار نہیں کرتا ہوں کہ یہاں دو ہوٹل میرے رشتہ داروں کے ہیں، اگر قانون کے خلاف کوئی بات ہوئی ہے تو اس پر کارروائی ہوگی’۔

وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘مرکزی وزیر نے اپنے خطاب میں گلمرگ میں ایک ونٹر سپورٹس اکسیلنس سینٹر قائم کرنے کے فیصلے کی بات کی جو ایک اچھی بات ہے’۔

انہوں نے کہا: ‘اگر یہاں ایسے ایک دو سینٹر قائم ہوں گے تو کھلاڑیوں کو کافی فائدہ ہوگا’۔

ان کا کہنا تھا: ‘میں ہماچل اور لداخ کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں لیکن افسوس بھی ہے کہ ملک میں پہلی بار جموں وکشمیر میں اسکائینگ کی شروعات کی گئی لیکن اس کا پہلی تین پوزیشنوں میں کہیں نام نہیں ہے’۔

عمر عبداللہ نے اسکائینگ ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ وزیر کے ساتھ بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال اسکائنگ کے لئے بہتر کوچنگ اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ اگلے سال کی گیمز میں جموں وکشمیر پہلی تینوں پوزیشنیں اپنے نام کر سکے۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں