کیاچھپکلی واقعی زہریلی ہوتی ہے؟

لاہور(آصف محمود) ہمارے یہاں عام طورپرچھپکلیوں کوزہریلااورمنحوس تصورکیاجاتا ہے جس کی وجہ سے اکثرلوگ ناصرف چھپکلیوں کوماردیتے ہیں بلکہ گھروں میں پائی جانیوالی چھپکلیوں سے خواتین بہت زیادہ ڈرتی بھی ہیں تاہم ماہرین کاکہنا ہے کہ گھریلوچھپکلی سمیت پاکستان میں پائی جانیوالی چھپکلیوں کی 85 سے زائداقسام میں سے کوئی بھی زہریلی نہیں ہے

پاکستان کے معروف ہرپیٹالوجسٹ ڈاکٹروسیم احمد خان نے بتایا کہ یہ تاثردرست نہیں ہے کہ چھپکلیاں زہریلی ہوتی ہیں، پاکستان سمیت دنیابھرمیں جتنی بھی چھپکلیاں پائی جاتی ہیں ان میں سے صرف ایک چھپکلی زہریلی ہے جو سنٹرل امریکامیں پائی جاتی ہے۔ پاکستان میں 85 چھپکلیاں ہیں یہ سب بے ضررہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چھپکلی اگردودھ یاکھانے میں گرجائے تواس سے کھانااوردودھ زہریلانہیں ہوتا ہے، ایسادودپینے یاکھاناکھانے سے قے آسکتی ہے ،فوڈپوائزنگ ہوسکتی ہے یاکوئی معمولی الرجی ہوسکتی ہے لیکن موت نہیں ہوسکتی ۔ فوڈپوائزنگ اورالرجی بھی اس وجہ سے ہوتی ہے کہ چھپکلیاں گندی جگہوں پرگھومتی ہیں ان کے جسم کے ساتھ ایسے ذرات اورگندگی لگ جاتی ہے تاہم وہ خود زہریلی نہیں ہوتی ہیں

ڈاکٹروسیم احمدخان کہتے ہیں چھپکلی کے پاؤں کے نیچے چھوٹے چھوٹے پیڈبنے ہوتے ہیں جب وہ دیواریاچھت کے ساتھ اپنے پاؤں لگاکرہلکاسے دباتی ہے توپیڈزنیچے ایک خلابن جاتا ہے اوریوں وہ کسی بھی جگہ آسانی سے رینگ سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ چھپکلی اپنے آپ کودشمن سے بچانے کے لئے اپنی دم خود الگ کرتی ہے، دم جسم سے الگ ہونے کے بعد چندسیکنڈتک حرکت کرتی رہتی ہے ، حملہ آورکی توجہ چندسکینڈزکے لئے دم کی طرف ہوتی ہے اوراس دوران چھپکلی کوبچ نکلنے کاموقع ملاجاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھپکلی کی دم دوہفتوں میں پھرسے مکمل ہوجاتی ہے

ان کایہ بھی کہنا تھا کہ بعض ممالک میں چھپکلیوں کوایک پالتوجانورکے طورپرپالابھی جاتا ہے،اس کی جلدبہت نرم اورنازک ہوتی ہے۔منہ میں ہلکے سے دانت ہوتے ہیں یہ اگرکاٹ بھی لے توکوئی فرق نہیں پڑتا، ڈاکٹروسیم کے مطابق 25 سال کی تحقیق کے دوران انہوں سینکڑوں چھپکلیوں نے کاٹا ہے مگراللہ کاشکرہے انہیں آج تک کچھ نہیں ہواہے

ڈاکٹروسیم احمد خان کہتے ہیں چھپکلی بھی اللہ تعالی کی بنائی ہوئی مخلوق ہے یہ ہمارے ماحول خاص طورپرگھرکے لئے فائندہ مندہوتی ہے یہ چھوٹے کیڑوں ،پتنگوں اورمچھروں کوہڑپ کرجاتی ہے ایسے کیڑے اورمچھراس کی خوراک بنتے ہیں جوانسانوں کے لئے نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بعض لوگ چھپکلی کومارناثواب سمجھتے ہیں،اس حوالے سے ان کی متعددعلماکرام سےبات ہوئی ہے، چھپکلی کوبطورثواب مارنے سے متعلق کوئی مستندروایت موجود نہیں ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں