پی ٹی آئی کے اراکین کی پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے ساتھ مار پیٹ

اسلام آباد، 16 اپریل (یو این آئی) پاکستان کی پنجاب اسمبلی میں ہفتے کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے ساتھ مارپیٹ کی۔ مسٹر مزاری وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرنے ایوان میں پہنچے تھے۔ میڈیا رپورٹس میں یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب میں حذب اقتدار کے اراکین اسمبلی نےسکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں پہلے مسٹر مزاری پر’لوٹے‘ پھینکے، پھر ان کے بال کھینچتے ہوئے ان کے ساتھ مار پیٹ کی۔ اس واقعہ کے بعد ڈپٹی سپیکر اسمبلی چھوڑ کر وہاں سے چلے گئے۔
جیو نیوز نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے اراکین، اسمبلی میں لوٹے لے کر آئے اور پارٹی چھوڑ کر اپوزیشن میں شامل ہونے والے پی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ پر طنز کرتے ہوئے،’لوٹا، لوٹا‘ اور ’دَل بدلو‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔
صوبہ پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11.30 بجے شروع ہونا تھا تاہم واقعے کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں