اسلام آباد (یو این آئی): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے منگل کو کہا کہ وہ ملک بھر کی سڑکوں سے امریکہ کو یہ پیغام دینے کے لئے اسلام آباد سے مارچ کریں گے کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے۔ اخبار ڈان نے یہ رپورٹ دی ہے۔
مسٹر خان نے پشاور میں پارٹی کے اراکین اسمبلی اور اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ انہیں ہر گاؤں، گلی اور محلے کے لوگوں کو جمع کرنے اور ‘حقیقی آزادی’ کی تحریک کے لیے تیارکریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سڑکوں پر نکلیں گے، اسلام آباد تک مارچ کریں گے اور امریکہ کو پیغام دیں گے کہ ہم ایک آزاد اور باعزت ملک ہیں، جو کسی کی کٹھ پتلی نہیں بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد لا الہ الا اللہ (اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں) کے نعرے پریہ کہتے ہوئے رکھی گئی تھی کہ مسلمان اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں اقتدار کی تبدیلی امریکہ کی حکمت عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 1950 میں ایران اور چلی کے واقعات جیسا ہے۔ انہوں نے کہا، “پہلے میڈیا آوٹ لیٹ کو پیسہ دیااورانہیں حکومت کے خلاف کیاگیا۔ پھر انہوں نے حکمران جماعت کے سیاست دانوں کو خریدا اور بعد میں اپوزیشن کو پیسہ دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی 27 رمضان کو شب دعا کا اہتمام کرنے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں مولانا طارق جمیل کے ساتھ رہوں گا اور ہم ہر شہر میں اسکرین کا انتظام کریں گے۔ ہم سب ملک کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کے لیے دعا کریں گے۔‘‘