پاکستانی صدر کا ایچ آئی وی/ایڈز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بیداری پر زور

اسلام آباد، پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیا، بااثر افراد اور کمیونٹی لیڈروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے ایچ آئی وی/ایڈز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بیداری پیدا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈان نیوز نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔

ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام میں صدر نے کہا کہ “ہمیں ایچ آئی وی انفیکشن کی روک تھام، نگرانی کے نظام کو قائم کرنے، اس بیماری سے جڑے بدنما داغ کو کم کرنے، ہیلتھ ورکرز کو تربیت دینے اور اپنے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی طرف اپنی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔”

جمعہ کو کمیونٹیز کوقیادت کرنے دیں” موضوع کے ساتھ ایڈز کا عالمی دن منایا جارہا ہے، جس کا مقصد ایڈز کے خاتمے کی جانب پیش رفت کو آگے بڑھانے میں کمیونٹیز کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔

صدر علوی نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایچ آئی وی کی وبا کے خاتمے کے لیے کمیونٹی کی سطح پر اجتماعی کوششوں، دور اندیش سوچ، انتہائی پسماندہ آبادیوں تک پہنچنے اور صحت کی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے عزم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ایچ آئی وی کے قومی ردعمل کو مضبوط بنانے، ڈیٹا سے چلنے والے اختراعی حل کو فروغ دینے اور بیماری سے وابستہ بدنما داغ اور امتیازی سلوک کو ختم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا، “ہم اپنے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور انفیکشن کے نئے کیسز کو کم کرنے کے مقصد کے ساتھ شواہد پر مبنی پالیسیوں اور منصوبوں کو تیار کرنے اور ان پر عمل درآمد کے عزم کی بھی تصدیق کرتے ہیں۔”

صدرمملکت نے کہا کہ یہ دن تمام لوگوں کے لیے ایچ آئی وی کی روک تھام، جانچ اور علاج کی خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کی بنیادی ذمہ داری کی یاد دہانی ہے۔

انہوں نے کہا، “پاکستان قومی سماجی تحفظ کے پروگراموں کے حصے کے طور پر جامع صحت، غذائیت اور معاون خدمات متعارف کروا کر ایچ آئی وی سے متاثرہ تمام لوگوں کو صحت کی حفاظت فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ “ہمارے پاس اس کو روکنے اور بیماری سے متاثرہ افراد کے لیے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی صلاحیت اور عزم ہے۔”

انہوں نے کہا کہ پاکستان ملک بھر میں ہر عمر اور پس منظر کے لوگوں تک پہنچنے اور انہیں صحت مند طرز زندگی اپنانے کے لیے بااختیار بنانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئیے آج ہم پاکستان کو ایچ آئی وی سے پاک بنانے کے اپنے سفر میں بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے ماضی کی کامیابیوں اور چیلنجز پر بھی غور کریں۔

مسٹر علوی نے کہا کہ “ہم صحت کی عدم مساوات میں بہتری لانے اور ایچ آئی وی و صحت کی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کی تصدیق کرتے ہیں۔ “ایک ساتھ مل کر ہم سب کے لیے ایک روشن اور صحت مند مستقبل کی راہ ہموار کریں گے۔”

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں