سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف اپیل واپس کردی

اسلام آباد، سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی ختم کرنے کے لیے دائر اپیل پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے واپس کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق عدالت نے اعتراضات دور کرکے اپیل جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور بانی پاکستانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے توشہ خانہ سزا معطلی اور نااہلی کے خلاف درخواست خارج کرنے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ سزا معطلی اور نااہلی کے خلاف درخواست خارج کرنے کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی، بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر ڈائری نمبر بھی لگ گیا تھا۔

یاد رہے کہ 6 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

مذکورہ ریفرنس گزشتہ برس پی ڈی ایم کے اراکین اسمبلی نے دائر کی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے اپنے پاس رکھے تحائف اور ان کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کی تفصیلات شیئر نہیں کیں۔

گزشتہ برس 21 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔

یو این آئی۔ ع ا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں