بلوچستان: پشین میں انتخابی دفتر پر دھماکہ، 18 افراد جاں بحق، 23 زخمی

کوئٹہ، بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں آزاد امیدوار کے انتخابی دفتر پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق اور 23 دیگر زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانوزئی ڈاکٹر حبیب کاکڑ نے بتایا کہ دھماکے میں اب تک 18 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہو گئے۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر پشین جمعہ داد خان نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 14 افراد جاں بحق اور 30 دیگر زخمی ہوئے ہیں اور دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا۔یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے، جب عام انتخابات میں محض ایک روز باقی رہ گیا ہے۔

یہ دھماکہ این اے 265 سے آزاد امیدوار اسفند یار کاکڑ کے انتخابی دفتر پر ہوا، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس، ایف سی، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر موجود ہیں اور پشین و ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

آزاد امیدوار اسفند یار کاکڑ دھماکے سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا میرے دفتر کے باہر موٹر سائیکل میں ہوا لیکن میں دھماکے کے وقت میں برشور میں تھا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی دفتر میں پولنگ ایجنٹس کے نام فائنل کرنے کے لیے میٹنگ جاری تھی اوع میٹنگ میں علاقے کے لوگ کثیر تعداد میں شریک تھے۔

دوسری جانب نگران وزیر داخلہ بلوچستان نے میر زبیر خان جمالی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دشمن عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، الیکشن کا عمل ایسے حملوں سے متاثر نہیں ہوگا۔

یو این آئی۔ ع ا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں