بنگلورو، وراٹ کوہلی (70) اور دیودت پڈیکل (50) کی نصف سنچریوں کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے جمعرات کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 42ویں میچ میں راجستھان رائلز (آر آر) کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا۔
آج یہاں راجستھان رائلز کے کپتان ریان پراگ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری آرسی بی کے لئے فل سالٹ اور وراٹ کوہلی کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 61 رنز جوڑے۔ وینندو ہسرنگا نے ساتویں اوور میں فل سالٹ (26) کو آؤٹ کرکے آر آر کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے دیودت پڈیکل نے وراٹ کوہلی کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 105 رنز جوڑے۔
16ویں اوور میں جوفرا آرچر نے وراٹ کوہلی کو آؤٹ کرکے آر آر کو دوسری کامیابی دلائی۔ وراٹ کوہلی نے 42 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں سندیپ شرما نے پڈیکل کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ پڈیکل نے 27 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ کپتان رجت پاٹیدار (1) چوتھی وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ ٹم ڈیوڈ نے 15 گیندوں پر (23) رنز بنائے۔ وہ پانچویں وکٹ کے طور پر رن آؤٹ ہوئے۔ جیتیش شرما نے 10 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 20 رنز بنائے۔ رائل چیلنجرز بنگلور نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 205 رنز بنائے۔
راجستھان رائلز کی جانب سے سندیپ شرما نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ وینندو ہسرنگا اور جوفرا آرچر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یواین آئی۔الف الف