لیڈز، رشبھ پنت (134) کی شاندار سنچری کے باوجود بین اسٹوکس (66 رنز کے عوض چار وکٹ) اور جوش ٹونگو (86 رنز کے عوض چار وکٹ) کی نظم و ضبط سے بھرپور گیند بازی کے باعث ہندوستان کی پہلی اننگز انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کو 471 رنز پر سمٹ گئی۔
دن کا کھیل ختم ہونے پر انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 107 رنز بنا لیے تھے۔ بین ڈکٹ (53) اور اولی پوپ (48) پہلے ہی 103 رنز کی سنچری پارٹنرشپ کر چکے تھے۔
جسپریت بمراہ نے اننگز کے پہلے ہی اوور میں جیک کرولی (4) کا وکٹ لے کر شاندار شروعات کی تھی لیکن بعد میں ڈکٹ اور پوپ کی جوڑی نے انگلینڈ کی ذمہ داری سنبھالی۔
اس سے قبل شبھمن گل (147)، یشسوی جیسوال (101) اور پنت کی سنچریوں کی بدولت ہفتے کو بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہی ہندوستان کی پہلی اننگز کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب لنچ سے 20 منٹ قبل چار مڈل آرڈر بلے باز یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔
اسٹوکس اور ٹونگ نے ہندوستان کی اننگز کو سمیٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔ کے ایل راہل (42) اور رویندر جڈیجہ (11) کے علاوہ، دیگر پانچ بلے باز اپنے ذاتی اسکور کو دوہرے ہندسے تک لے جانے میں ناکام رہے۔ کرون نائر اور جسپریت بمراہ اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے، جبکہ پرسدھ کرشنا اور شاردول ٹھاکر نے ایک ایک رن کا تعاون دیا۔
ہندوستان نے کل اپنی پہلی اننگز کے اسکور تین وکٹ پر 359 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور رشبھ پنت نے کپتان گل (147) کے ساتھ مل کر کھیل کے پہلے سیشن کا شاندار آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف کئی شاندار شاٹس لگائے۔ دونوں کے کھیل کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستان بڑے اسکور کا اسکرپٹ لکھنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ پنت نے اس دوران چھکے کے ساتھ اپنے کیریئر کی ساتویں سنچری مکمل کی۔
انگلینڈ کو آج پہلی کامیابی لنچ سے تقریباً 20 منٹ قبل ملی جب گیل اسپنر شعیب بشیر کی گیند کو نشانہ بنانے کی کوشش میں ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر لیگ پر کھڑے جوش ٹونگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 227 گیندیں کھیلتے ہوئے اپنی شاندار سنچری اننگز میں 19 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ گل کے آؤٹ ہونے کے بعد کرون نائر بدقسمتی سے بین اسٹوکس کی گیند پر ایکسٹرا کور پر کیچ ہو گئے۔ پوپ نے فٹ بال کے گول کیپر کی طرح ہوا میں چھلانگ لگا کر ان کا کیچ پکڑا۔
پنت، جو ایک سرے پر مضبوطی سے ڈٹ کر انگلش گیند بازوں کی دھنائی کر رہے تھے، جوش ٹونگ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ پنت نے ڈی آر ایس کا استعمال کیا لیکن گیند وکٹ پر جا رہی تھی۔ پنت نے اپنی سنچری اننگز میں 12 چوکے اور چھ چھکے لگائے۔
لنچ سے ٹھیک پہلے ہندوستان کو ساتواں جھٹکا شاردول ٹھاکر (1) کی شکل میں لگا۔ وہ اسٹوکس کا چوتھا شکار بنے۔
یو این آئی۔ این یو۔








