خبراردو: ورلڈ کپ 2019 میں جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھ رہا ہے ، سیمی فائنل کیلئے جنگ دلچسپ ہوتی جارہی ہے ۔ خاص کر پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کے بعد مزید دلچسپ ہوگئی ہے ۔
ورلڈ کپ 2019 میں جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھ رہا ہے ، سیمی فائنل کیلئے جنگ دلچسپ ہوتی جارہی ہے ۔ خاص کر پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کے بعد مزید دلچسپ ہوگئی ہے ۔ سیمی فائنل کیلئے فی الحال تین ٹیموں کی جگہ تقریبا طے نظر آرہی ہے ۔ آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور ہندوستان کا پہنچنا تقریبا طے نظر آرہا ہے ، لیکن چوتھی ٹیم کون ہوگی ، اس کو لے کر چار ٹیموں کے درمیان گھمسان جاری ہے ۔
نیوزی لینڈ چھ میچوں میں 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر ہے جبکہ آسٹریلیا کے کھاتے میں 10 پوائنٹس ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر ہے ۔ ان دونوں کو فی الحال تین تین میچ مزید کھیلنے ہیں ۔ ایسے میں ان کا سیمی فائنل میں پہنچنا تقریبا طے نظر آرہا ہے ۔ ادھر ٹیم انڈیا کیلئے بھی راہ آسان نظر آرہی ہے ۔ ہندوستان کے کھاتے میں فی الحال پانچ میچوں میں 9 پوائنٹس ہیں ، لیکن خاص بات یہ ہے کہ ہندوستان کو چار میچ ابھی مزید کھیلنے ہیں اور وہ بھی کمزور ٹیموں کے خلاف ، یعنی سیمی فائنل میں اس کی بھی جگہ طے نظر آرہی ہے ۔
انگلینڈ کی دعویداری
چھ میچوں میں انگلینڈ کے پاس 8 پوائنٹس ہیں اور وہ چوتھے نمبر پر ہے ۔ انگلینڈ نے ٹورنامنٹ میں دھماکہ دار شروعات کی تھی ، لیکن سری لنکا کے خلاف شکست نے اس کا کھیل بگاڑ دیا ۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اب انگلینڈ کو باقی بچے تین میں سے دو میچ جیتنے ہی ہوں گے ۔ حالانکہ انگلینڈ کیلئے یہ چیلنج آسان نہیں ہوگا ۔ انگلینڈ کے باقی بچے میچ ہندوستان ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کے ساتھ ہیں ۔ خاص بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو ان ٹیموں کے خلاف گزشتہ 27 سال سے جیت نہیں ملی ہے ۔
سری لنکا کی امید
چھ میچوں میں 6 پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا کی ٹیم پانچویں نمبر پر ہے ۔ انگینڈ کے خلاف جیت نے سری لنکا کیلئے تھوڑی امید پیدا کردی ہے ۔ اگر باقی بچے میچوں میں سری لنکا کی ٹیم جیت جاتی ہے ، تو پھر سیمی فائنل کیلئے انہیں بھی موقع مل سکتا ہے ۔ لیکن باقی بچے میچوں میں جیت درج کرنا آسان نہیں ہوگا ۔ سری لنکا کو آنے والے دنوں میں جنوبی افریقہ ، ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے خلاف میچ کھیلنا ہے ۔
بنگلہ دیش
بنگلہ دیش کے کھاتے میں بھی چھ میچوں میں پانچ پوائنٹس ہیں ۔ آج بنگلہ دیش کو افغانستان کے خلاف کھیلنا ہے ۔ سیمی فائنل کی ریس میں برقرار رہنے کیلئے بنگلہ دیش کو یہ میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا ۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کو باقی دو میچ بھی جیتنے ہوں گے اور وہ کافی مشکل ہوگا ۔ کیونکہ اس کے اگلے دو میچ ہندوستان اور پاکستان سے ہوں گے ۔
پاکستان کے پاس موقع
جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کے بعد پاکستان کی امیدیں بھی بڑھ گئی ہیں ۔ فی الحال پاکستان چھ میچوں میں پانچ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے ۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے پاکستان کو نہ صرف باقی سبھی میچوں میں جیت حاصل کرنی ہوگی ، بلکہ وہ بھی بڑے فرق کے ساتھ حاصل کرنی ہوگی ۔ دراصل پاکستان کا نیٹ رن ریٹ ( منفی 1.265 ) بھی کافی خراب ہے ۔ پاکستان کو باقی میچوں میں نیوزی لینڈ ، افغانستان اور بنگلہ دیش سے مقابلہ کرنا ہے ۔