خبراردو: ورلڈ کپ 2019 میں ہندوستان کو پہلی مرتبہ میزبان انگلینڈ نے مات دی ۔ اتوار کو برمنگھم کے ایجبسٹن میدان پر کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ نے ہندوستان کو 31 رنوں سے ہرایا ۔
ورلڈ کپ 2019 میں ہندوستان کو پہلی مرتبہ میزبان انگلینڈ نے مات دی ۔ اتوار کو برمنگھم کے ایجبسٹن میدان پر کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ نے ہندوستان کو 31 رنوں سے ہرایا ۔ انگلینڈ کے ذریعہ دئے گئے 338 رنوں کے ہدف کے جواب میں ہندوستان کی ٹیم 50 اوورس میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 306 رن ہی بناسکی اور اس نے 31 رنوں سے میچ گنوادیا ۔
اس ورلڈ کپ میں ٹیم انڈیا کی یہ پہلی شکست تھی ۔ حالانکہ وہ اب بھی پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے اور اس شکست سے اس کی صحت پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا ہے ۔ ٹیم انڈیا کو اب بنگلہ دیش اور سری لنکا سے میچ کھیلنا ہے ۔ وہیں انگلینڈ نے 8 میچوں میں اپنی پانچویں جیت درج کرلی ہے ۔ وہ پوائنٹس ٹیبل میں اب چوتھے نمبر پر آگیا ہے ، لیکن اس کی سیمی فائنل میں جگہ ابھی یقینی نہیں ہے ۔ وہیں ٹیم انڈیا کی شکست سے پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو بھی تھوڑا جھٹکا لگا ہے ۔ اب پاکستان کو اپنا میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ اگلے میچ میں انگلینڈ کی شکست کی بھی ضرورت ہوگی ۔
پاور پلے میں خراب شروعات
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو 338 رنوں کا ہدف دیا ۔ ہندوستانی ٹیم نے اس کا پیچھا کرتے ہوئے پہلے پاور پلے میں صرف 28 رن بنائے اور ایک منفی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔ اس ورلڈ کپ میں پاور پلے میں ہندوستان کا یہ اسکور اب تک کا سب سے کم اسکور ہے ۔ ٹورنامنٹ میں اب تک کسی بھی ٹیم نے پاور پلے میں اتنا کم اسکور نہیں بنایا ۔ 10 اوورس کی بلے بازی کے بعد روہت شرما 26 گیندوں میں 11 اور وراٹ کوہلی 24 گیندوں میں 17 رن بناکر کھیل رہے تھے ۔
آخری اوورس میں ہندوستان کی خراب گیند بازی
ہندوستانی گیند بازوں نے اننگر کے دوران آخر کے 10 اوورس میں 92 رن دئے ۔ انگلینڈ کی شاندار شروعات اور پھر آخر کے اوورس میں طوفانی بلے بازی نے انگلینڈ کو بڑا اسکور کھڑا کرنے میں مدد کی ۔ ہندوستانی گیند بازوں نے چار وکٹیں ضرور حاصل کیں ، لیکن اس کا دباو انگلینڈ کی بلے بازی پر کچھ خاص نظر نہیں آیا ۔
محمد سمیع کے مہنگے اوورس
محمد سمیع نے یقینا پانچ وکٹ حاصل کئے ، لیکن اپنے آخر کے تین اوورس میں فل ٹاس گیندیں ڈالیں اور بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع دیا ۔ سمیع نے آخر کے تین اوورس میں کل 44 رن دئے ۔ انہوں نے 45 ویں اوورس میں 12 رن ، 47 ویں اوورس میں 17 رن وہیں 49 ویں اوورس میں 15 رن دئے ۔ ہندوستان کو یہی رن آخر میں مہنگے پڑگئے ۔
ابتدائی 20 اوور میں انگلینڈ کی طوفانی بلے بازی
انگلینڈ نے کافی طوفانی انداز میں شروعات کی ، جس کی وجہ سے وہ بڑا اسکور بنا سکی ۔ جیسن رائے اور جانی بیرسٹو نے پہلے وکٹ کیلئے 160 رنوں کی شاندار شراکت داری کی ۔ دونوں بلے بازوں نے ابتدائی 20 اوورس میں 145 رن بنا ڈالے اور بعد میں آنے والے بلے بازوں کیلئے راہیں آسان کردیں ۔ وہیں ہندوستان نے ابتدائی 20 اوورس میں کافی دباو میں کھیلا اور صرف 83 رن ہی بناسکا ۔
انگلینڈ کی فیلڈنگ
انگلینڈ کی ٹیم نے ہندوستان کے خلاف مقابلہ میں کافی شاندار فیلڈنگ کی ۔ کپتان مورگن نے فیلڈ کو ہندوستانی بلے بازوں کے مطابق ہی سیٹ کیا تھا ، جس کی وجہ سے ہندوستانی بلے باز ایک ایک رن کیلئے جدو جہد کرتے ہوئے نظر آئے