وشاکھاپٹنم، آر اشون کے تین وکٹوں کے شاندار اسپیل کی بدولت ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پیر کو لنچ تک انگلینڈ کی دوسری اننگ میں 194 رنز پر چھ وکٹ لے کر میچ پر مضبوط گرفت کر لی ہے۔
یہاں آج انگلینڈ نے دوسری اننگ میں ایک وکٹ پر 67 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا ہے۔ 22ویں اوور میں اکشر پٹیل نے ریحان احمد کو 23 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد 29 ویں اوور میں اشون نے 23 رنز پر روہت کے ہاتھوں اولی پوپ کو کیچ آؤٹ کروا کر انگلینڈ کو تیسرا جھٹکا دیا۔ پہلے سیشن میں انگلینڈ کے بلے باز تقریباً پانچ رنز فی اوور کی اوسط سے رنز بنا رہے تھے۔ اس سیشن میں جہاں انگلینڈ نے 127 رنز بنائے تو وہیں ہندوستان نے اس کے پانچ اہم بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔ اشون نے جو روٹ 16 رنزکو اکشر پٹیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ کلدیپ یادو نے جیک کراؤلی 73 رنز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے انگلینڈ کا پانچواں وکٹ گرایا۔ اس کے بعد بمراہ نے جونی بیرسٹو 26 رن کو ایل بی ڈبلیو کرتے ہوئے پویلین کی راہ دکھائی۔
لنچ تک انگلینڈ نے 42.4 اوورز میں چھ وکٹوں پر 194 رنز بنا لیے ہیں۔ اسے جیت کے لیے ابھی 205 رنز درکار ہیں اور صرف چار وکٹیں باقی ہیں۔
لنچ تک ہندوستان کی طرف سے آر اشون نے تین وکٹ لئے۔ جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل گزشتہ روز شبمن گل کی 104 رنز کی سنچری اور اکشر پٹیل کی 45 رنز کی اننگ کی بدولت ہندوستان نے دوسری اننگ میں 255 رنز بنائے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کو 398 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹام ہارٹلے نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ریحان احمد کو تین وکٹ ملے۔ جیمز اینڈرسن نے دو اور شعیب بشیر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
ہفتہ کو یشسوی جیسوال کی 209 رنز کی شاندار ڈبل سنچری سے ہندوستان نے پہلی اننگ میں 396 رنز بنائے تھے۔ اس کے بعد جسپریت بمراہ نے 45 رنز کے عوض چھ وکٹوں کی قاتلانہ گیندبازی کی اور انگلینڈ کی پہلی اننگ کو 253 رنز پر سمیٹ دیا۔
یواین آئی۔الف الف