نئی دہلی، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ ہم کھیلوں کو فروغ دینے میں کسی بھی چیز کی کمی نہیں چھوڑیں گے اور حکومت تمام سہولیات فراہم کرے گی۔
مسٹر کیجریوال نے بدھ کو یہاں دہلی اسپورٹس اسکول، سول لائنز میں ایئر کنڈیشنڈ انڈور سوئمنگ پول کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ ہم کھیلوں کو فروغ دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ دہلی اسپورٹس اسکول میں 10 اولمپک کھیلوں کے لیے 172 بچوں کو تربیت دی جارہی ہے۔ ہم نے دہلی اسپورٹس یونیورسٹی کو اولمپکس میں زیادہ سے زیادہ تمغے لانے کے مقصد سے بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام بچے انتہائی مشکل امتحانات سے گزر کر یہاں پہنچے ہیں۔ کئی سطحوں پر ٹیسٹ ہوئے اور پھر مقابلے ہوئے۔ اس کے لیے 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے صرف 170 بچوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہاں تربیت حاصل کرنے والے تمام بچے بہت باصلاحیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایک دن آپ سب اولمپکس میں ہندوستان کا سر فخر سے بلند کریں گے۔
اس موقع پر موجود کھیلوں کے وزیر آتشی نے کہا کہ جب ہندوستانی دستہ 2032 کے اولمپک کھیلوں کے لیے جائے گا تو ہم دہلی اسپورٹس یونیورسٹی اور دہلی اسپورٹس اسکول کے کھلاڑی بھی وہاں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سے ہماری حکومت بنی ہے وزیر اعلیٰ کا کھیلوں کے حوالے سے ایک ہی مقصد ہے، وہ ہے ملک کے لیے اولمپکس میں تمغے لانا۔
یواین آئی۔ ظ ا