نئی دہلی، ہاکی انڈیا کے صدر دلیپ ٹرکی نے تجربہ کار گول کیپر پی آر سریجیش کو ایف آئی ایچ ایتھلیٹس کمیٹی کا شریک چیئرمین بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی حکمت عملی کا نوجوان کھلاڑیوں پر مثبت اثر پڑے گا۔
دلیپ ٹرکی نے کہاکہ “پی آر سریجیش کو ایف آئی ایچ کے ساتھ اس طرح کا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا خوشی کی بات ہے جو ہاکی کے کھلاڑیوں کی زندگیوں پر براہ راست اثر ڈالے گی۔ ان جیسے تجربہ کار کھلاڑی کے پاس دنیا بھر میں ہاکی اسٹک اٹھانے والے کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے مشورہ دینے کا تجربہ اور نظریہ ہوگا۔ ہم اس کردار میں نوجوانوں پر سریجیش کے مثبت اثرات کو دیکھنے کے منتظر ہیں۔
ہاکی انڈیا کے سکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہاکہ “ہم پی آر سریجیش کو نئی ایف آئی ایچ ایتھلیٹس کمیٹی کا شریک چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ سریجیش ایک ہمدرد رہنما ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ شریک چیئرمین کی حیثیت سے وہ اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کھیل کی ترقی میں رہنمائی کریں گے کہ دنیا بھر کے ہاکی کھلاڑیوں کی آواز سنی جائے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن نے بدھ کو ہندوستانی ٹیم کے تجربہ کار گول کیپر پی آر سریجیش اور چلی کی خواتین ٹیم کی ڈیفنڈر کیملا کیرم کو بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن کی نئی ایف آئی ایچ ایتھلیٹ کمیٹی کا شریک چیئرمین مقرر کیا ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا