پوچیفسٹروم، سری لنکا کی خواتین ٹیم کی کپتان چمری اٹاپٹو نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں ناقابل شکست (195) رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی سری لنکا نے سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔
چمری کی ریکارڈ سازاننگز کی بدولت سری لنکا خواتین کی ون ڈے تاریخ کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے 300 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ سری لنکا نے آسٹریلیا کا 12 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ سال 2012 میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 289 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ سری لنکا کا اسکور چار وکٹوں پر 305 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے خواتین کرکٹ کا مشترکہ سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 2017 کے ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 374 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے نو وکٹوں پر 305 رنز بنائے تھے۔ خواتین کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کسی کھلاڑی کا یہ پانچواں ذاتی بہترین اسکور ہے۔
جاری، یواین آئی، م ش








