آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میتھیو ویڈ کی سرزنش

بارباڈوس، آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر سرکاری طور پر سرزنش کی گئی ہے۔

آئی سی سی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ “آسٹریلوی کھلاڑی میتھیو ویڈ کو ہفتے کے روزبارباڈوس کے کینسنگٹن اوول میں انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے گروپ بی میچ کے دوران آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر ایک سرکاری سرزنش کی گئی ہے۔

کینسنگٹن اوول میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 36 رنز سے شکست دی تھی۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آسٹریلیا کی اننگ کے 18 ویں اوور میں ویڈ نے عادل رشید کی گیند کو واپس گیند باز کی طرف کھیلا۔ ویڈ کو امید تھی کہ امپائر اسے ‘ڈیڈ بال’ قراردیں گے۔ لیکن جب ایسا نہیں ہوا تو ویڈ نے امپائروں سے بحث کی۔

وکٹ کیپر بلے باز ویڈ نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کو لے کرآئی سی سی میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل کے اینڈی پائکرافٹ کی تجویز کردہ سزا کو قبول کر لیا، اس لیے اس پرسرکاری سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔ اس کے علاوہ، ویڈ کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ جوڑا گیا۔ 24 ماہ کے عرصے میں یہ ان کا پہلا جرم تھا۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں