ہندوستانی خواتین ٹیم نے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی

چنئی، ہندوستانی خواتین ٹیم نے بلے بازوں اور گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پیر کو ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر واحد ٹیسٹ میچ کی سیریز جیت لی ہے۔

اس سے قبل ہندوستانی گیند بازوں نے فالو آن کھیلنے والی جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن دوسری اننگ میں 373 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد ہندوستان کو جیت کے لیے 37 رنز کا ہدف ملا تھا جسے ستیش شبھا ناٹ آؤٹ (13) اور شیفالی ورما ناٹ آؤٹ (24) کی مدد سے 9.2 اوورز میں حاصل کرکے میچ 10 وکٹوں سےجیت لیا۔

جنوبی افریقہ نے آج صبح کل کے دو وکٹ پر 232 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا، ابھی وہ اسکور میں 32 رنز کا اضافہ ہی کر پائی تھی کہ دیپتی شرما نے ماریزان کاپ (31) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ اسکور میں ابھی دو رنز کا اضافہ ہوا تھا جب اسنیہا رانا نے ڈیلمی ٹکر (0) کو پویلین بھیج دیا۔ اوپننگ بلے باز کپتان لورا وولفارٹ اور نادین ڈی کلرک نے اننگ کو سنبھالا۔ لورا وولفارٹ (122) رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ نادین ڈی کلرک (61)، سینالو جافتا (15)، اینری ڈرکسن (5)، ٹومی سیخوخونے (6) اور مساباتا کلاس (2) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ہندوستانی بولنگ نے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم کو دوسری اننگ میں 373 رنزپر سمیٹ دیا۔

ہندوستان کی جانب سے اسنیہ رانا، دیپتی شرما اور راجیشوری گائیکواڑ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پوجا وستراکر، شیفالی ورما اور ہرمن پریت کور کو ایک ایک وکٹ ملا۔
اس سے قبل میچ کے تیسرے روز سنی لوئس (109) کی سنچری اور کپتان لورا وولفارٹ ناٹ آؤٹ (93) رنوں کی اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے پہلی اننگ میں 337 رنز سے پیچھے رہنے کے بعد کھیل ختم ہونے تک دو وکٹ پر 232 رنز بنالئے تھے۔ فالو آن کھیلنے والی جنوبی افریقہ کی دوسری اننگ کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا، اینیکا بوش (9) کا وکٹ گنوانے کے بعد مشکل میں پڑ گئی تھی۔ ایسے وقت میں سن لوئس اور کپتان لورا وولفارٹ نے اننگ کو سنبھالا۔ دوسرے وکٹ کے طور پرسن لوئس 109 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں پر 232 رنز بنا لیے ہیں، حالانکہ وہ اب بھی 105 رنز پیچھے ہے۔ کپتان لورا وولفارٹ ناٹ آؤٹ (93) اور ماریزان کاپ (15) رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے دوسری اننگ میں دیپتی شرما اور ہرمیت کور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اسنیہ رانا (آٹھ وکٹ) کے شاندار اسپیل کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے بلے بازی کے لئے مفید چیپاک کی فلیٹ پچ پر مہمان جنوبی افریقہ کو اتوار کو اننگ میں 266 رن پر ڈھیر کرکے 337 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔

صبح، جنوبی افریقہ نے پہلی اننگ میں چار وکٹوں پر 236 رنز کے کل کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ماریزان کاپ (69) اور نادین ڈی کلرک (27) نے اننگ کو آگے بڑھایا۔ اسنیہا رانا نے ابتدائی اسپیل میں ماریزان کاپ (74) کو بولڈ کرکے جنوبی افریقی جوڑی کو توڑا۔ اس کے بعد تو جنوبی افریقی ٹیم صرف 30 رنز کا اضافہ کرکے تاش کے پتوں کی طرح بکھرہوگئی۔ نادین ڈی کلرک (39)، سینالو جافتا (0)، اینری ڈرکسن (5)، مساباتا کلاس (1) اور نونکولیکو ملابا (2) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 266 رنز پر سمٹ گئی۔ ہندوستان کو پہلی اننگ میں بنائے گئے (چھ وکٹوں پر 603 اننگ ڈکلیئر) کے اسکور کی بنیاد پر 337 رنز کی برتری حاصل ہے۔

ہندوستان کی جانب سے اسنیہ رانا نے 25.3 اوور میں 77 رنز دے کر آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ دیپتی شرما کو 21 اوورز میں 47 رن دے کر دو وکٹ ملے۔

اس سے قبل شیفالی ورما (205) کی تاریخی ڈبل سنچری اور اسمرتی مندھانا (149) کی سنچری اننگز کی مدد سے ہندوستان نے چھ وکٹوں پر 603 رنز پر اننگ ڈکلیئر کردی تھی۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہندوستانی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان کے چاروں طرف شاٹس لگاتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 292 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ 52ویں اوور میں ڈیلمی ٹکر نے اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اسمرتی نے 161 گیندوں میں 27 چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 149 رنز بنائے۔ مندھانا کے بعد بلے بازی کے لیے آئیں ستیش شبھا (15) رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ 75ویں اوور میں رن لینے کی کوشش میں شیفالی ورما بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو گئیں۔ انہوں نے 197 گیندوں پر 23 چوکے اور آٹھ چھکے لگاتے ہوئے 205 رنز کی تاریخی اننگ کھیلی۔ جمائمہ روڈریگز (55) 55 رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ کپتان ہرمن پریت کور (69) اور ریچا گھوش (86) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیلمی ٹکر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ نادین ڈی کلرک، ٹومی سیخوخونے، نونکولولیکو ملابا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں