جو روٹ اور ہیری بروک نے پاکستان کے خلاف ڈبل سنچریاں کیں اسکور

ملتان، انگلینڈ کے سابق کپتان جو روٹ اور ہیری بروک نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن جمعرات کو ڈبل سنچریوں کی بدولت دوسرے سیشن میں تین وکٹوں پر 658 رن بنا تے ہوئے 102 رن کی برتری حاصل کرلی۔

انگلینڈ نے آج صبح تین وکٹ پر 492 رن کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ انگلینڈ نے چوتھے دن کے پہلے سیشن میں تین وکٹوں کے نقصان پر 607 رن بنائے اور اس دوران جو روٹ نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی، پہلے سیشن کے بعد جو روٹ (ناٹ آؤٹ 232) اور ہیری بروک 195 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دریں اثناء روٹ نے یہ 62 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں جو روٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ یہ انگلینڈ کے کسی بلے باز کی پاکستان میں دوسری ڈبل سنچری ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک صرف دو انگلش بلے باز ایسے ہیں جنہوں نے پاکستان میں ڈبل سنچری اسکور کی ہو۔ اس سے قبل 1962 میں کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ٹیڈ ڈیکسٹر نے پاکستان کے خلاف 205 رن بنائے تھے۔

جو روٹ پہلے ہی انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رن بنانے والے بلے باز بن چکے تھے۔ انہوں نے سابق کپتان ایلسٹر کک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے اس میچ میں 250 سے زائد رن کی اننگز کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 20 ہزار رن بھی مکمل کر لیے ہیں۔ یہ روٹ کے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی ڈبل سنچری ہے اور وہ انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔

لنچ کے بعد ہیری بروک نے بھی اپنی ڈبل سنچری مکمل کر لی۔ کرکٹ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ انگلینڈ کے دو بلے بازوں نے ایک ہی اننگز میں ڈبل سنچریاں بنانے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 400 سے زائد رن کی شراکت داری ہو چکی ہے۔

انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ کی ایک ہی اننگز میں دو ڈبل سنچریاں بنانے کا کارنامہ گریم فاؤلر اور مائیک گیٹنگ نے 1985 میں ہندوستان کے خلاف چنئی میں انجام دیا تھا۔

یو این آئی۔ این یو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں