اسمرتی مندھانا آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر منتخب

دبئی، ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم کی سلامی بلے بازاسمرتی مندھانا کو سال 2024 میں شاندار کارکردگی کے لیے آئی سی سی ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے خطاب سے نوازا گیا ہے۔

بائیں ہاتھ کی سلامی بلے باز نے 2024 میں ایک روزہ مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جس نے کئی سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کو بڑی جیت میں مدد دینے اور مشکل سیریز میں بہت سے رنز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مندھانا نے اپنے کیریئر میں چوتھی بار آئی سی سی ایوارڈ جیتا ہے۔ اس سے قبل انہیں 2018 اور 2021 میں ویمنز کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا، جب کہ 2018 میں ہی انہیں ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا۔

مندھانا نے جون میں جنوبی افریقہ کے خلاف مسلسل دو سنچریاں بنا کر سیریز میں 3-0 کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے فیصلہ کن میچ میں شاندار سنچری اسکور کی۔ مندھانا نے دسمبر میں پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف چیلنجنگ سنچری بنائی اور آسٹریلیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق مندھانا اس سال خواتین کی ون ڈے فہرست میں بین الاقوامی میچوں کی 13 اننگز میں 747 رنز بنا کر سرفہرست ہیں۔ لورا وولوارڈ 697 رنز کے ساتھ دوسرے، ٹیمی بیومونٹ 554 رنز کے ساتھ تیسرے اور ہیلی میتھیوز 469 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہیں۔ مندھانا کا اس سال 57.86 کا اوسط رہا اور انہوں نے95.15 کی شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 747 رنز بنائے۔ انہوں نے اس سال چار ون ڈے سنچریاں بھی اسکور کیں جو خواتین کی کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سال انہوں نے 95 چوکے اور چھ چھکے لگائے۔

یواین آئی۔ م س

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں