راجکوٹ، بین ڈکٹ (51) اور لیام لیونگسٹن (43) کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے منگل کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہندوستان کو جیتنے کے لیے 172 رن کا ہدف دیا۔
آج سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ کی شروعات خراب رہی اور اس نے دوسرے اوور میں اوپنر فل سالٹ (پانچ) کا وکٹ گنوا دیا۔ سالٹ کو ہاردک پانڈیا نے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد کپتان جوس بٹلر بیٹنگ کے لیے آئے اور بین ڈکٹ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 76 رن کی شراکت ہوئی۔
ورون چکرورتی نے نویں اوور میں بٹلر (24) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد اکشر پٹیل نے بین ڈکٹ کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو بڑا جھٹکا دیا۔ ڈکٹ نے 28 گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے (51) رن بنائے۔ 13ویں اوور میں روی بشنوئی نے ہیری بروک (8) کو بولڈ کردیا ۔ ایسے بحران کے وقت بیٹنگ کے لیے آنے والے لیام لیونگ اسٹون نے محاذ سنبھالا لیکن ہندوستانی باؤلنگ اٹیک کے سامنے کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک ان کا ساتھ نہ دے سکا۔ لیام لیونگسٹن نے 24 گیندوں پر 5 چھکے اور 1 چوکا لگا کر 43 رن بنائے۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اووروں میں نو وکٹ پر 171 رن بنائے۔
ہندستان کی جانب سے ورون چکرورتی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ہاردک پانڈیا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ روی بشنوئی اور اکشر پٹیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یو این آئی۔ م ع۔ 2116