نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے ہرایا

لاہور، کین ولیمسن (ناٹ آؤٹ 133) کی سنچری اور ڈیون کونوے (97) کی نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے پیر کو سہ رخی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو آٹھ گیندیں باقی رہتے ہوئے چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

جنوبی افریقہ کے 304 رنز کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے 10ویں اوور میں ول ینگ (19) کا وکٹ کھو دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے کین ولیمسن نے ڈیون کونوے کے ساتھ اننگ کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 187 رنز کی شراکت قائم کی۔ سنچری کی طرف بڑھ رہے ڈیون کونوے (97) کو جونیئر ڈل نے آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا دیا۔ اس کے بعد ڈیرل مچل (10) اور ٹام لیتھم (0) کی صورت میں نیوزی لینڈ نے دو وکٹیں گنوائیں۔

اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے گلین فلپس کین ولیمسن کے ساتھ مل کر ذمہ داری سنبھالی اور ٹیم کوجیت کی طرف لے گئے۔ نیوزی لینڈ نے 48.4 اوورز میں 308 رنز بنائے اور یہ میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا۔ کین ولیمسن نے 113 گیندوں پر 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے (ناٹ آؤٹ 133) رنز بنائے۔ گلین فلپس نے 32 گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگاکر (ناٹ آؤٹ 29) رنوں کی اننگ کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ایس متھوسمی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جونیئر ڈل اور ایتھن بوش نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آج یہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ میتھیو بریٹزکی (150) کی سنچری اور ویان مولڈر (64) کی نصف سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 305 رنز کا ہدف دیا تھا۔ بلے بازی کرنے اتری جنوبی افریقہ کی شروعات خراب رہی اور اس نے آٹھویں ہی اوور میں کپتان ٹیمبا باوما (20) کا وکٹ گنوادیا۔ انہیں ولیم او رورک نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے جیسن اسمتھ نے میتھیو بریٹزکے کے ساتھ اننگ کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت ہوئی۔ 25ویں اوور میں جیسن اسمتھ (41) کے رن آؤٹ ہونے کے بعد یہ شراکت ٹوٹی۔ کائل ویرین (1) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

46ویں اوور میں میٹ ہینری نے میتھیو بریٹزکوبریسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر نیوزی لینڈ کو چوتھی کامیابی دلائی۔ میتھیوز بریٹزکے نے 148 گیندوں پر 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 150 رنز بنائے۔ ویان مولڈر نے 60 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ سینورن متھوسمی (2) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر 304 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری اور ولیم اورورک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ مائیکل بریسویل نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں