نئی دہلی، ویو رچرڈز ویسٹ انڈیز کے وہ مایہ ناز بلے باز ہیں جن کی شہرت پوری دنیا میں ہے۔ ویسٹ انڈیز کا وہ مڈل آرڈر بلے باز جس نے بلے بازی میں تو اپنے جوہر دکھائے ساتھ ساتھ اسپن گیند بازی میں بھی کمال دکھایا۔ رچرڈز ایک ایسا بلے باز رہے جن کی سویپ اور ہٹ کرنے کی صلاحیت کا اندازہ ہر دور کے بلے بازوں کی صلاحیتوں سے لگایا جاتا ہے۔
دائیں ہاتھ کے اس تیز طرار بلے باز کا بیٹنگ کرنے کا اسٹائل دوسرے بلے بازوں سے ذرا جد اتھا۔ جس وقت رچرڈز بلے بازی کے لیے میدان میں اترتے، تو بڑی ہی شان اور پراعتماد طریقےسے کریز پر آتے ۔انہیں دیکھ کر گیند بازوں کی دھڑکنیں تیز ہو جاتیں۔
تماشائیوں کا جوش دوبالا ہو جاتا اور تبصرہ نگاروں کی آوازوں میں تال میل بڑھ جاتا تھا۔ ایک نڈر اور بہادر بلے باز جس نے بلے بازی کے لئے کبھی ہیلمٹ پہننا ضروری نہیں سمجھا ۔
رچرڈز جنہیں اپنے دور کا سب سے تباہ کن بلے باز کہا جاتا ہے، بڑے بڑے گیند باز ان کی بلے بازی کے آگے تھرّاجاتے تھے۔ وہ بہت ہی آسانی سے گیند کو اسٹیڈیم کے پار پہنچانے میں مہارت رکھتے تھے۔ بعض اوقات تو حریف ٹیم کے گیند باز ان کے سامنے گیند بازی کرنے سے کتراتے تھے۔
اس زمانے میں جب رچرڈز نے بغیر ہیلمٹ کے کھیلنا شروع کیا تو تیز بلے بازی کرنے کا رجحان بہت کم تھا۔ جارح بلے بازی جیسے الفاظ کم استعمال ہوتے تھے۔ لیکن جب سے ویو رچرڈز نے کھیلنا شروع کیا تو کرکٹ میں آگ، طوفانی، تیز، تباہ کن ، مہلک اور زبردست جیسی صفتوں جیسے الفاظ نے بلے بازی کے لئے اپنا مقام حاصل کر لیا ہے۔
جاری یو این آئی۔ ایم جے۔