سعودی عرب نے حج سیزن میں ہندوستان اور پاکستان سمیت 14ملکوں پر عارضی ویزاپابندی لگائی

ریاض ، سعودی عرب نے ہندوستان اور پاکستان سمیت 14ملکوں پر عارضی ویزا پابندی عائد کردی ہے تاکہ حج سیزن کے دوران زیادہ بھیڑ بھاڑ سے بچاجاسکے اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں میڈیا رپور ٹوں میں سعودی حکام کے حوالے سے کہاگیاہے یہ پابندی حج سیزن کے دوران عمرہ ،بزنس اور فیملی ویزوں پر لگائی گئی ہے تاکہ حج سیزن کےدوران بہتر انتظام وانصرام کو یقینی بنایا جاسکے اور عازمین کو بھی کسی رکاوٹ کے بغیر بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔

رپورٹ کے مطابق عمرہ ویزے کے حامل افراد 13اپریل 2025تک مملکت سعودی عرب میں داخل ہوسکتے ہیں اور انھیں 29 اپریل 2025 تک اپنے اپنے وطن واپس آنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔جن دیگرممالک پر ویزے کی بندشیں لگائی گئی ہیں ان میں بنگلہ دیش ،مصر ،انڈونیشیا ،عراق ،نائیجیریا،اردن ،الجزائر ،سوڈان ،ایتھوپیا،تیونس ،مراکش اور یمن شامل ہیں ۔

ذرائع کے مطابق اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے اور مقررہ تاریخ کے بعد بھی مملکت میں قیام کرنے والوں پر پانچ سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے ۔سعودی عرب نے اپنے فیصلے کے بارے میں ان ممالک کو باضابطہ طورپر مطلع کردیاہے ۔

یواین آئی ۔ایف اے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں