خرطوم، مغربی سوڈان میں بے گھر افراد کے کیمپ پر پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کی طرف سے جمعرات کے روز توپ خانے کی گولہ باری میں 16 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوگئی اور 25 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع غیر سرکاری تنظیم سوڈانی ڈاکٹرس نیٹ ورک نے ایک بیان میں دی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آر ایس ایف نے شمالی ریاست دارفر کے دارالحکومت الفشر میں ابو شوک کیمپ پر “گولہ بار ی” کی۔
دریں اثناء، رضاکار گروپ کے ایمرجنسی روم نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد 15 سے زائدہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 25 ہے۔
آر ایس ایف نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
آر ایس ایف نے جمعرات کے روز بھی ایک بیان میں کہا کہ اس نے شمالی ریاست دارفر میں “ام کدادہ کے تزویراتی علاقے پر مکمل کنٹرول قائم کر لیا ہے”، جہاں سوڈانی مسلح افواج (ایس اے ایف) کے سیکڑوں سپاہیوں کو ہلاک کر دیا کیاہے، اور “مکمل طور پر لیس جنگی گاڑیاں، نیز ایس اے ایف سے تعلق رکھنے والے مختلف ہتھیار اور گولہ بارود” قبضے میں لے لیا گیاہے۔
ابھی تک، ایس اے ایف نے آر ایس ایف کے ام کدادہ پر قبضہ کرنے کے دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، جو الفشر سے 178 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
سوڈان اپریل 2023 کے وسط سے ایس اے ایف اور آر ایس ایف کے درمیان مہلک تنازعہ میں الجھا ہوا ہے، جس میں اب تک کم از کم 29,683 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے اندازے کے مطابق، اس تنازعہ س ے سوڈان کے اندر اور باہر ایک کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
یو این آئی۔ م ش۔








