سوڈانی نیم فوجی دستوں کے سربراہ نے جنگ کے دو سال مکمل ہونے پر ‘متوازی حکومت’ کا اعلان کیا

خرطوم، سوڈان کی پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (آرایس پی) کے کمانڈر محمد حمدان دگالو نے منگل کو ایک “متوازی حکومت” کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ ایک نئے سوڈان کے لیے ایک سیاسی چارٹر اور تاریخی عبوری آئین کی نمائندگی کرے گی۔

یہ اعلان منگل کو سوڈان کی جنگ کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا۔

ٹیلی گرام پر نشر ہونے والی ایک تقریر میں، مسٹر دگالو نے کہا کہ متوازی حکومت نئی کرنسی متعارف کرائے گی اور قومی شناختی دستاویزات جاری کرے گی۔ انہوں نے افریقی یونین سے متوازی حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔

یہ اعلان آرایس ایف اور اس کے اتحادی سیاسی اور مسلح گروپوں کی جانب سے کینیا نیروبی میں “سیاسی چارٹر” پر دستخط کرنے کے تقریباً دو ماہ بعد کیا گیا ہے، جس میں سوڈان میں “متوازی حکومت” بنانے کے اپنے ارادے کا اظہار کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ 13 مارچ کو، عبدالفتاح البرہان کی قیادت والی سوڈانی حکومت، جو سوڈانی مسلح افواج (ایس اے ایف) کے سربراہ کے طور پر بھی کام کرتی ہے، نے کینیا کی طرف سے دستخطی تقریب کی میزبانی کے جواب میں کینیا سے تمام درآمدات معطل کر دی تھیں۔ سوڈان نے کینیا پر مداخلت کا الزام لگایا لیکن اس نے ان الزامات کی تردید کی۔

سوڈانی مسلح افواج اور آرایس ایف کے درمیان تنازعہ میں ہزاروں افراد ہلاک، 1.5 کروڑ سے زیادہ بے گھر ہوئے، جو اپریل 2023 میں ایک منصوبہ بند سیاسی منتقلی کے حوالے سے تناؤ کی وجہ سے پیدا ہوا تھا اور سوڈان کو اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جسے اقوام متحدہ نے دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے اداروں نے خبردار کیا ہے کہ ملک قحط کے دہانے پر ہے، اس کا صحت کی دیکھ بھال کا نظام تباہ ہو چکا ہے اور ہلاکتوں کی صحیح تعداد کی تصدیق کرنا تقریباً ناممکن ہے۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں