غزہ کا ایک تہائی حصہ اسرائیلی فوج کنٹرول میں: اسرائیل

یروشلم، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ جنوبی غزہ کی پٹی میں نئی ​​ڈویژن لائن ‘موراگ کوریڈور’ کو توسیع دے رہی ہے اور اس نے تقریباً ایک تہائی علاقے کو مکمل طور پر اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

فوج کی طرف سے جاری کردہ انفوگرافک ویڈیو میں ‘موراگ کوریڈور’ کو رفح اور خان یونس کے درمیان کے علاقے سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو رفح کو خان ​​یونس اور وسطی غزہ سے الگ کرتا ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جنوبی غزہ کا سب سے بڑا قصبہ خان یونس تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور وہاں شدید تباہ شدہ صرف چند عمارتیں باقی ہیں۔

فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آپریشن کے ایک حصے کے طور پر اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف ) نے غزہ کے کئی اہم علاقوں اور راستوں پر مکمل آپریشنل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اس پٹی کا تقریباً 30 فیصد حصہ اب آپریشنل سیکیورٹی زون کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

اسرائیل نے 2 مارچ سے غزہ میں تمام انسانی امداد کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس کے بعد اس نے 18 مارچ کو حماس کے ساتھ دو ماہ کی جنگ بندی ختم کر دی اور غزہ پر مہلک فضائی اور زمینی حملے دوبارہ شروع کر دیے۔

فوج نے کہا ہے کہ اس نے 18 مارچ سے غزہ میں تقریباً 1,200 اہداف پر 350 لڑاکا طیاروں اور دیگر طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فضائی حملے کیے ہیں۔

غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل کے نئے حملوں میں اب تک 1,652 فلسطینی ہلاک اور 4,391 زخمی ہو چکے ہیں۔ اکتوبر 2023 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے خطے میں ہلاکتوں کی تعداد 51,025 ہو گئی ہے، جب کہ 116,432 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یو این آئی ۔ ع خ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں