اقوام متحدہ/نئی دہلی، پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں بڑھتی ہوئی تلخی کے درمیان اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتیرس نے دونوں ہمسایہ ممالک سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے کہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔
جمعرات کے روز یومیہ پریس بریفنگ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ اگرچہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا دونوں ممالک میں سے کسی کے ساتھ کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہوا ہے لیکن میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ وہ صورتحال کو بہت قریب سے اور انتہائی تشویش کے ساتھ مانیٹر کر رہے ہیں۔
مسٹر دوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ 21 اپریل کے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرنے میں بالکل واضح ہے جس میں 26 سیاح دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دو روز پہلے جموں و کشمیر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہيں، جس میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کی موت ہوئی ہے۔
یو این آئی۔ م ش۔