خبراردو: گزشتہ ماہ 26 جون کو امریکا اور میکسیکو کے بارڈر پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران دریائے ریو گرینڈے میں پانی کی لہروں میں چل بسنے والے ایل سلواڈور کے مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصاویر نے دنیا کو جھنجوڑ دیا تھا۔
پانی کی لہروں میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے ایل سلواڈور کے 25 سالہ آسکر البرٹو اور ان کی 2 سالہ بیٹی کی پانی میں تیرتی لاش کی تصاویر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں غم کی لہر چھاگئی تھی اور لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرنا شروع کردی تھی۔
امریکا اور میکسیکو کے بارڈر بند ہونے کی وجہ سے وسطی اور شمالی امریکی ممالک کے سیکڑوں مہاجرین مشکلات کا شکار ہیں اور کئی لوگ غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران یا تو گرفتار ہو جاتے ہیں یا پھر وہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
Cartoon for June 26, 2019 on #trump #BorderCrisis #BORDER #TrumpCamps #TrumpConcentrationCamps pic.twitter.com/Gui8DHsebl
— Michael de Adder (@deAdder) June 26, 2019
ایل سلواڈور کے مہاجر والد اور ان کی بیٹی کی موت کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد کینیڈا کے ایک کارٹونسٹ نے باپ اور بیٹی کے موت کی تصویر کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ڈرائنگ تیار کی تھی۔
کینیڈین کارٹونسٹ مائیکل ڈی آدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ ڈرائنگ 26 جون کو ہی بنائی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
مائیکل ڈی آدر نے اپنی ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر پر گولف کھیلنے کے لیے تیار دکھایا گیا تھا۔
ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ میں گولف ریکٹ دکھائی گئی تھی اور انہیں گولف گاڑی کے ساتھ مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش کے قریب پہنچ کر پریشان دکھایا گیا تھا۔
ساتھ ہی تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مرنے والے باپ اور بیٹی کو تعجب سے دیکھتے ہوئے دکھایا گیا اور ڈرائنگ میں امریکی صدر کی جانب سے سوالیہ جملہ لکھا گیا تھا کہ ’اگر آپ برا نہ منائیں تو میں آپ کی لاشوں پر گولف کھیل لوں‘۔
مائیکل ڈی آدر کی یہ ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد اب انہیں نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے۔
مائیکل ڈی آردر نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کی بنائی گئی ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد ان کا کام کرنے کا فری لانس معاہدہ منسوخ کردیا گیا۔
ہف پوسٹ کے مطابق مائیکل ڈی آدر کا ایک میڈیا پبلشنگ ہاؤس ادارے سے فری لانس کام کا معاہدہ تھا اور وہ اسی ادارے کے 4 اخبارات کے لیے کارٹون بناتا تھا۔
تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کا کارٹون بنانے کے بعد ان کا معاہدہ منسوخ کردیا گیا۔
مائیکل ڈی آدر گزشتہ 2 دہائیوں سے کینیڈین میڈیا سے وابستہ تھے اور انہوں نے کئی سیاسی معاملات پر بہترین کارٹون بنائے تھے۔