(یو این آئی) آف اسپن آل راؤنڈر معین علی کو ہندوستان کے خلاف جمعرات سے لارڈز میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔معین ، اس وقت برمنگھم فینکس کی کپتانی کر رہے ہیں ، توقع کی جا رہی ہے کہ وہ منگل کو ٹیم میں شامل ہو جائیں گے اور یہ بھی کہ انہیں براہ راست آخری الیون میں اتارا جائے گا۔ معین اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔ انہوں نے ہنڈرڈ میں چھ میچوں میں 189 رنز بنائے ہیں لیکن وہ گزشتہ چھ ماہ سے ریڈ بال کرکٹ میں نہیں کھیلے ہیں۔طویل فارمیٹ میں معین کا آخری میچ چنئی میں تھا جہاں انہوں نے انگلینڈ کی شکست میں آٹھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس میچ کے بعد انگلینڈ کی روٹیشن پالیسی کے تحت انہیں وطن واپس لوٹنا پڑا تھا۔ ٹرینٹ برج پر ڈرا ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے کسی اسپنر کو میدان میں نہیں اتارا تھا۔ کپتان جو روٹ کو چھوڑ کر ، ٹیم کی باقی بلے بازی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں تنقید کی زد میں تھی۔تجربہ کار معین کو لانے سے انگلینڈ کو اپنی لائن اپ میں پانچواں گیندباز جوڑنے میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی مڈل آرڈر میں بین اسٹوکس کی غیرموجودگی میں بلے بازی میں مضبوطی آئے گی۔
