جرمنی کے زیادہ تر حصوں میں ایمرجنسی نمبر بند کیوں ہوئے؟

جرمنی کے زیادہ تر حصوں میں پولیس اور فائر بریگیڈ کے ہنگامی نمبروں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں اتنا بڑا واقعہ کیسے پیش آیا؟

جرمن ایمرجنسی سروسز نے جمعرات گیارہ نومبر کو علی الصبح اطلاع دی کہ پولیس اور فائر بریگیڈ کے ہنگامی نمبروں پر کی گئی کالیں موصول نہیں ہو رہی تھیں۔ اس کے بعد شہری تحفظ اور قدرتی آفات سے متعلق امداد کے وفاقی دفتر (بی بی کے) نے جمعرات کی صبح ایک سرکاری نوٹس بھیجا، جس میں شہریوں کو متنبہ کیا گیا کہ 112 اور 110 کے ایمرجنسی نمبر ڈاؤن ہو چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت برلن میں پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اسی طرح کے اعلانات کیے ہیں۔ پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہنگامی امدادی نمبر 110 مکمل طور پر بند ہو چکا ہے اور یہ نمبر بحال ہوتے ہی عوام کو مطلع کر دیا جائے گا۔

بی بی کے نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ایمرجنسی نمبروں کو بعد میں بحال کر دیا گیا تھا لیکن خلل کی وجہ تاحال واضح نہیں ہے، ”آج صبح ایمرجنسی نمبروں میں خلل پڑ گیا۔ اس کے بعد یہ سروس بحال کر دی گئی تھی۔ ٹیلی کام (نیٹ ورک کا انتظام کرنے والی کمپنی) کی جانب سے خرابی کا تجزیہ کرنے کا عمل پہلے سے ہی جاری ہے۔‘‘

کئی بڑے شہر متاثر
بی بی کے کے مطابق برلن، ہیمبرگ اور فرینکفرٹ سمیت کئی بڑے شہروں میں یہ ایمرجنسی نمبر کام نہیں کر رہے تھے۔ تاہم فرینکفرٹ پولیس نے اب اعلان کر دیا ہے کہ اس شہر میں یہ سروس بحال کر دی گئی ہے۔ جرمنی کے دیگر شہروں میں یہ سروس تقریباﹰ مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے بحال ہو گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں