بن سلمان نے پیوٹن کے ساتھ یوکرین اور یمن پر تبادلہ خیال کیا

ماسکو، 16 اپریل (یو این آئی/ اسپوٹنک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ یوکرین اور یمن کے بحران کے ساتھ ساتھ تیل کی کٹوتیوں پر پٹرول پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
کریملن نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔
کریملن نے کہا کہ “انھوں نے بین الاقوامی ایجنڈے پر متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا بشمول یوکرین کی صورت حال اور یمن میں تصفیہ”۔ کریملن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مسٹر پوتن اور مسٹر بن سلمان نے دو طرفہ ایجنڈے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور “باہمی طور پر فائدہ مند تعلقات” کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ “انہوں نے اوپیک پلس میں مشترکہ کام کا مثبت جائزہ لیا جس کا مقصد تیل کی عالمی منڈی میں استحکام کو یقینی بنانا ہے۔” اس دوران مسٹر پوتن نے سعودی عرب کے عوام کو رمضان کی مبارکباد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں