واشنگٹن/نئی دہلی،(یو این آئی): امریکی صدر جو بائیڈن مئی میں جاپان میں کواڈ سمٹ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے وائٹ ہاؤس نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ مسٹر بائیڈن 20 سے 24 مئی تک جنوبی کوریا اور جاپان کا دورہ کریں گے تاکہ بائیڈن-ہیرس انتظامیہ کے آزاد اور کھلے ہند-بحرالکاہل خطے اور جمہوریہ کوریا اور جاپان کے ساتھ امریکی معاہدے مضبوط کیا جاسکے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ دورہ ہند-بحرالکاہل کے خطے کے ساتھ ایک سال سے زیادہ کی شدید سفارت کاری پر مبنی ہوگا، جس میں واشنگٹن ڈی سی میں 12-13 مئی کو ہونے والی یو ایس۔آسیان خصوصی سربراہی کانفرنس بھی شامل ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر بائیڈن جمہوریہ کوریا کے نو منتخب صدر یون سک یول اور جاپانی وزیر اعظم کشیدا فومیو سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
جمعرات کو وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ٹوکیو میں صدر بائیڈن آسٹریلیا، جاپان، ہندوستان اور امریکہ کے کواڈ گروپ کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ اس ماہ کے شروع میں واشنگٹن میں ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ہونے والی 2+2 بات چیت سے پہلے مسٹر مودی کے ساتھ اپنی ورچوئل دو طرفہ ملاقات کے دوران مسٹر بائیڈن نے کہا تھا کہ کواڈ لیڈروں کی چوٹی کانفرنس 24 مئی کو جاپان میں ہونے والی ہے۔