امریکہ میں ایچ5 برڈ فلو کے پہلے انسانی معاملے کی تصدیق

لاس اینجلس، (یو این آئی/شِنہوا): امریکہ میں ریاست کولوراڈو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص میں ایچ 5 برڈ فلو کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ دنیا میں انسانی انفیکشن کا دوسرا معاملہ ہے۔ پہلا کیس گزشتہ سال دسمبر میں برطانیہ میں سامنے آیا تھا۔

بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز (سی ڈی سی) نے جمعرات کو ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اس شخص کا ایویئن انفلوئنزا اے (ایچ5) وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وہ پولٹری فارموں میں کام کرتا تھا، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ وہ ایچ 5 این1 برڈ فلو سے متاثر ہوا ہے۔

مریض کو کچھ دنوں سے تھکاوٹ تھی اور یہ اس میں انفیکشن کی واحد علامت تھی۔

سی ڈی سی کے مطابق مریض کو الگ تھلگ رکھا گیا ہے اور اسے انفلوئنزا اینٹی وائرل دوا ‘اوسیلیٹامیویر’ دی جارہی ہے۔

ایجنسی نے کہا کہ اس وائرس سے متاثرہ پرندوں کے رابطے میں آنے والے افراد کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ 2021 کے آخر میں امریکی جنگلی پرندوں اور پولٹری میں ایک وبا کا پتہ چلا تھا۔

سی ڈی سی کے مطابق اب تک یہ وائرس 29 ریاستوں میں اردگرد کے پرندوں میں اور 34 ریاستوں میں جنگلی پرندوں میں پایا گیا ہے۔

ایجنسی 2500 سے زیادہ لوگوں کی صحت کی نگرانی کر رہی ہے جو وائرس سے متاثرہ پرندوں کے رابطے میں آئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں