مہندا راجا پاکسے کا استعفیٰ دینے سے انکار

کولمبو، (یو این آئی): سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا ہے اور صدر گوتابایا راجا پاکسے سے کہا ہے کہ وہ جو فیصلہ مناسب سمجھیں کریں، وہ اس کی تعمیل کریں گے۔

مسٹر راجا پاکسے نے صدر سے کہاکہ 20ویں ترمیم کے تحت، ان کے پاس ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی بحران کو حل کرنے کے لیے فیصلے کرنے کا اختیار ہے، اور وہ صدر کے ذریعہ کئے گئے کسی بھی فیصلے کے لیے اپنا مکمل تعاون کریں گے۔

ڈیلی مرر کے مطابق وزیر اعظم راجا پاکسے نے صدر کو مطلع کیا کہ انہیں کوئی بھی فیصلہ کرنے کے لئے انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وہ فوری طور پر ایسا کر سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس ایسا کرنے کا اختیار ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا ہے کہ انہیں پارلیمنٹ میں اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔

تاہم صدر نجی طور پر ان سے استعفیٰ دینے کی اپیل کرتے رہے۔

وزیر اعظم نے صدر کو واضح طور پر بتادیا ہے کہ وہ ایسے وقت میں اپنی سیٹ نہیں چھوڑیں گے جب وہ معاشی بحران کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہوں، لیکن اگر صدر انہیں برطرف کرنا چاہتے ہیں تو ایسا کر سکتے ہیں۔

ملک میں جاری سیاسی بحران کا حل تلاش کرنے کے لیے صدر کئی ہفتوں سے مختلف سیاسی گروپوں کے ساتھ میٹنگیں کررہے ہیں۔

جہاں ایک طبقہ صدر سے ایک نئے وزیراعظم کے ساتھ ایک نئی عبوری حکومت کی تقرری کا مطالبہ کررہا ہے، وہیں دوسرے گروپ کا کہنا ہے کہ مسٹر مہندا راجا پاکسے کو ہٹایا نہیں جا سکتا کیونکہ ان کے پاس ابھی بھی پارلیمنٹ میں اکثریت ہے۔

اپوزیشن صدر گوتابایا راجا پاکسے سے پہلے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں