آسٹریلیا میں دو ہلکے طیاروں کی ٹکر میں دو افراد کی موت

برسبین، آسٹریلیا کے کوئنز لینڈ کے ایک ہوائی اڈے پر جمعہ کو دو ہلکے طیاروں کے درمیان ٹکر میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

ایک نیوز کانفرنس میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کوئنز لینڈ کے پولیس افسر پال ریڈی نے کہا کہ دونوں طیارے جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10.30 بجے برسبین کے شمال میں واقع کابلچر ایئر فیلڈ کے مشرقی سرے پر آپس میں ٹکرا گئے۔

مسٹر ریڈی نے کہا ’’اس وقت مشرقی سرے پر پرواز کرنے والے طیارے میں سوار دو افراد کی موت ہوگئی ہے۔ ہم ابھی تک اس بات کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ کون لوگ ہیں۔دوسرا شخص جو دوسرے ہوائی جہاز میں تھا وہ اس وقت تفتیش کاروں کے ساتھ پولیس کی مدد کر رہا ہے اور اس بات کا تعین کرنے میں مدد کر رہا ہے کہ اصل میں کیا ہوا ہے۔‘‘

کوئنز لینڈ پولیس کے وزیر مارک ریان نے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں طیارے ’’زمین کے قریب‘‘ آپس میں ٹکرا گئے جسے مکنہ طور پر کئی لوگوں نے دیکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے طیارے میں سوار افراد کو نسبتاً کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

کوئنز لینڈ پولیس کے مطابق تفتیش کار کوئنز لینڈ ایمبولینس کے عملے کے ساتھ ساتھ فائر اینڈ ریسکیو سروسز کے ساتھ جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور تحقیقات کے لیے فرانزک ایکسیڈنٹ یونٹ کو بلایا گیا ہے۔

یو این آئی۔ این یو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں