ہندوستان
مغربی ایشیا کے بحران کے باعث عالمی بینک نے مالی سال 27 کے لیے ہندوستان کی شرح نمو کم کر کے 6.6 فیصد کر دی
نئی دہلی، عالمی بینک نے مالی سال 2026-27 کے لیے ہندوستان کی شرح نمو 6.6 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ وافر زرمبادلہ کے ذخائر اور مضبوط بینکنگ نظام خطرات سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں گے، تاہم اس کے باوجود ہندوستان کی ترقی کی رفتار میں کمی کے امکانات زیادہ ہیں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 25 میں شرح نمو 7.1 فیصد تھی جو مالی سال 26 میں مضبوط مقامی مانگ اور برآمدات کی لچک کی بدولت 7.6 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔
عالمی بینک کے مطابق رواں مالی سال کے لیے ہندوستان میں خرردہ مہنگائی کی شرح 4.9 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو خوراک اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور کرنسی کی قدر میں کمی کے دباؤ کی عکاسی کرتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی سے مالی سال 27 کی پہلی ششماہی میں صارفین کی مانگ برقرار رہے گی، لیکن توانائی کی عالمی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھے گی اور گھرانوں کی آمدنی متاثر ہوگی۔
عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا، جوہانس زٹ نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود جنوبی ایشیا کی ترقی کے امکانات مضبوط ہیں۔
موڈیز ریٹنگز نے بھی رواں مالی سال کے لیے ہندوستان کی اقتصادی شرح نمو کا تخمینہ 6.8 فیصد سے کم کر کے 6 فیصد کر دیا ہے۔ مقامی ریٹنگ ایجنسی ‘آئی سی آر اے’ کو توقع ہے کہ مغربی ایشیا کے تنازعہ کے باعث توانائی کی بلند قیمتوں اور دستیابی سے متعلق خدشات کی وجہ سے مالی سال 27 میں شرح نمو کم ہو کر 6.5 فیصد رہ جائے گی۔
تازہ ترین پیش گوئی جنوبی ایشیا کے لیے بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے وقت سامنے آئی ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور عالمی توانائی کی منڈیوں میں مسلسل خلل نے خطے کی معیشتوں کے لیے مشکل ماحول پیدا کر دیا ہے۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر سنجے ملہوترا نے مالیاتی پالیسی کمیٹی کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مغربی ایشیا کا تنازعہ ہندوستان کی ترقی پر “منفی اثر” ڈالے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کی قیمتوں، بین الاقوامی مال برداری اور انشورنس کے اخراجات میں اضافے کے ساتھ سپلائی چین میں رکاوٹیں ترقی کو متاثر کر سکتی ہیں۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت نے برآمدات کو سہارا دینے اور سپلائی چین کے تحفظ کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جس سے اس تنازع کے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
یو این آئی۔ م ع۔ایف اے
ہندوستان
سونیا گاندھی کی خودنوشت کا اجراء، رابرٹ واڈرا نے اسے محبت ،ہمت اورجدوجہدکی غیرمعمولی داستان قراردیا
نئی دہلی، کانگریس کی سابق صدر اور ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کی خودنوشت ”بیلونگنگ: اے جرنی آف لو” کامنگل کے روزاجراء عمل میں آیا۔
اس کتاب میں ان کی زندگی، ذاتی تجربات اور سیاسی سفر کا تفصیلی اور نجی پہلوؤں پر مبنی بیان پیش کیا گیا ہے، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کے روابط اور ملاقاتوں کا بھی ذکر شامل ہے۔
خودنوشت کا آغاز رِگ وید کی چند سطروں سے ہوتا ہے، جن میں اتحاد، مشترکہ مقصد اور ہم آہنگی کا مضبوط پیغام دیا گیا ہے۔ ان اشعار میں لوگوں سے مل جل کر آگے بڑھنے، ایک آواز میں بات کرنے اور اپنے خیالات اور مقاصد میں متحد رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔
کتاب کے اجراء پر کانگریس جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا کے شوہر رابرٹ واڈرا نے سونیا گاندھی کے غیر معمولی زندگی کے سفر پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے محبت، ہمت، جدوجہد، استقامت اور غیر متزلزل عزم کی ایک قابل ذکر داستان قرار دیا۔
واڈرا نے کہا کہ زندگی میں بے شمار مشکلات اور چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود سونیا گاندھی آج بھی وقار، اعتماد اور مضبوط یقین کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہیں۔ انہوں نے ان کے سفر کو ”دنیا بھر کی خواتین کے لیے تحریک کا ذریعہ” قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتاب گہری محبت کی بھی ایک داستان ہے اور سونیا گاندھی کی ”ہندوستان کے لیے خدمات اور جس عزم کے ساتھ انہوں نے اپنی زندگی وقف کی”، اس کے پس منظر میں اپنے خاندان، اقدار اور ملک کے تئیں محبت کارفرما رہی ہے۔
رابرٹ واڈرا نے واضح کیا کہ انہوں نے ابھی تک ذاتی طور پر یہ کتاب نہیں پڑھی ہے، تاہم انہیں بتایا گیا ہے کہ اس میں سونیا گاندھی کی زندگی، تجربات اور خیالات کو کافی گہرائی، بصیرت اور دیانت داری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ یہ خودنوشت پڑھیں اور سونیا گاندھی کی شخصیت اور ان کی خدمات کے بارے میں ان کے اپنے الفاظ، تجربات اور زندگی کے بیان کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کریں۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
ہریانہ اور دہلی میں 16 نومبر تک موسم خشک رہنے کا امکان، کشمیر کے علاقے میں شدید بارش کی پیش گوئی
نئی دہلی، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں 16 نومبر تک شمالی ہریانہ کے اپر ایئر سائیکلونک سرکولیشن موجود ہونے کے باوجود موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ وہیں اس ہفتے کے آخر میں مغربی ہمالیائی خطے کے بعض حصوں میں شدید بارش اور آندھی طوفان آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
آئی ایم ڈی کے صبح کے بلیٹن کے مطابق، 10 نومبر سے 16 نومبر تک 7 دنوں کے دوران ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے تجزیے سے پتہ چلا ہے کہ شمالی ہریانہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سطح سمندر سے 1.5 سے 3.1 کلومیٹر کی بلندی پر ایک بالائی فضائی چکرواتی گردش قائم ہے۔
آئی ایم ڈی نے کہا، ”شمالی ہریانہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سطح سمندر سے 1.5 سے 3.1 کلومیٹر کی بلندی پر بالائی فضائی چکرواتی گردش اب بھی موجود ہے۔”
شمالی ہریانہ میں موجود اس چکرواتی گردش سے مغربی اترپردیش کی جانب 3.1 کلومیٹر کی بلندی پر ہوا کے کم دباؤ کا ایک علاقہ بھی دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وسطی راجستھان اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سطح سمندر سے تقریباً 0.9 کلومیٹر کی بلندی پر ایک اور بالائی فضائی چکرواتی گردش قائم ہے۔
بلیٹن میں درمیانی اور بالائی کرہ ہوائی (ٹروپوسفیئر) میں مغربی ہواؤں کے درمیان ایک مغربی ہوائی دباؤ کو بھی ہوا کے کم دباؤ والے علاقے کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔
آئی ایم ڈی نے ان فضائی نظاموں کے باوجود ان 7 دنوں کے دوران ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی ہے اور نہ ہی شدید بارش یا آندھی طوفان کا کوئی انتباہ جاری کیا ہے۔
تاہم، پڑوسی ریاست پنجاب میں 12 سے 15 نومبر کے درمیان بعض مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی 7 روزہ تفصیلی پیش گوئی کے مطابق، 16 نومبر کو بھی کچھ مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
ہماچل پردیش میں 10 سے 15 نومبر کے درمیان بعض مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے اور 16 نومبر کو بھی کچھ مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ہماچل پردیش کے بعض علاقوں میں 12 اور 13 نومبر کو آندھی طوفان کے ساتھ بجلی گرنے اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ان ہواؤں کی رفتار کبھی کبھی 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
آئی ایم ڈی نے جموں و کشمیر اور لداخ کے علاقوں میں موسم مزید سرگرم ہونے کی پیش گوئی کی ہے، جہاں 12 اور 13 نومبر کو وسیع علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
ان 2 دنوں کے دوران بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ 12 اور 13 نومبر کے علاوہ 15 اور 16 نومبر کو بھی بعض علاقوں میں آندھی طوفان کے ساتھ بجلی گرنے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جن کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ اتراکھنڈ میں 12 اور 13 نومبر کو بعض مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔
ملک کے دیگر حصوں کی بات کریں تو آئی ایم ڈی نے 10 سے 14 نومبر کے درمیان انڈمان اور نکوبار جزائر میں اور 11 نومبر کو ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
تمل ناڈو، پڈوچیری اور کاری کال میں 10، 15 اور 16 نومبر کو بعض مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے سبب کھڑی فصلوں اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، زمین کھسکنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں، سڑکوں پر پانی جمع ہو سکتا ہے اور سڑک و ریل ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
شدید بارش اور آندھی طوفان کے انتباہ والے علاقوں کے لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں، بجلی کڑکنے کے دوران درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
یو این آئی۔ ایم جے
ہندوستان
وزیر اعظم مودی نے گووردھن پوجا پر ملک کے عوام کو مبارک باد دی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز گووردھن پوجا کے موقع پر ملک کے عوام کو دلی مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ہر ایک کی زندگی میں نئی توانائی، جوش و خروش، خوشی اور خوشحالی لے کر آئے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے پیغام میں مسٹر مودی نے کہا، ”گووردھن پوجا کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو دلی مبارک باد۔ یہ تہوار آپ کی زندگیوں میں نئی توانائی اور جوش و خروش پیدا کرے۔ میری پراتھنا ہے کہ ہر ایک کی زندگی میں خوشی، اچھی قسمت اور خوشحالی مسلسل بڑھتی رہے۔”
مبارک باد کے ساتھ وزیر اعظم نے سنسکرت کا ایک اشلوک بھی شیئر کیا، جس میں بھگوان شری کرشن کی گووردھن دھاری کی شکل کا ذکر کیا گیا ہے۔ گووردھن دھاری سے مراد بھگوان شری کرشن کی وہ شکل ہے، جس میں انہوں نے برج کے لوگوں کو موسلا دھار بارش سے بچانے کے لیے گووردھن پہاڑ کو اپنی انگلی پر اٹھا لیا تھا۔
گووردھن پوجا، جسے انّ کوٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، روایتی طور پر ملک کے کئی حصوں میں دیوالی کے اگلے دن منائی جاتی ہے۔ یہ تہوار بھگوان شری کرشن کے اس واقعے کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب انہوں نے بھگوان اندر کی جانب سے برسائی گئی موسلا دھار بارش سے ورنداون کے باشندوں اور ان کے مویشیوں کو بچانے کے لیے گووردھن پہاڑ کو اپنی چھوٹی انگلی پر اٹھا لیا تھا۔ اس واقعے کو عاجزی، عقیدت اور فطرت کے تئیں اظہار تشکر کی اہمیت کی یاد دہانی سمجھا جاتا ہے۔
اس تہوار کے موقع پر خصوصی پوجا، مذہبی تقریبات اور انّ کوٹ تیار کیا جاتا ہے۔ انّ کوٹ مختلف قسم کے کھانے کی اشیا پر مشتمل ہوتا ہے، جسے بھگوان شری کرشن کو بھوگ کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ مندروں اور گھروں میں خصوصی طور پر بھوگ لگانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش نے پی ایم 2.5 کو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، فضائی آلودگی کے معیارات میں فوری ترمیم کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoاسرائیلی حکام کا انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا اعلان، نیتن یاہو نے انتخابات کو ‘چوری’ قرار دیا
-
جموں و کشمیر1 week agoتاریگامی کا سی آئی ڈی تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی
-
دنیا5 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
ہندوستان1 week agoتیرہ کروڑ ووٹوں کی چوری کا اپوزیشن کا دعویٰ بے بنیاد، ایس آئی آر پر راہل گاندھی غلط فہمی پھیلا رہے ہیں: سمبت پاترا
-
دنیا1 week agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں کے آتشزدگی سے متاثرہ شیو مارکیٹ کے دکانداروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
