انقرہ، ترک افواج نے جمعہ کی شام شمالی عراق میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے 16 ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔ یہ معلومات ژنہوا نے ہفتے کے روز ترک وزارت دفاع کے حوالے سے دی۔
وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ آپریشن گارہ، میٹینا، ہاکورک اور قندیل کے علاقوں میں کیا گیا تاکہ پی کے کے کے ارکان کو ترکی میں دراندازی اور حملے کرنے سے روکا جا سکے۔ وزارت نے کہا کہ فضائی حملوں میں غاروں، بنکروں، پناہ گاہوں اور گوداموں کو نشانہ بنایا گیا جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پی کے کے کے رہنماؤں کے ٹھکانے ہیں۔
بیان کے مطابق آپریشن میں بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو بے اثر کر دیا گیا، اس دوران ترک ساختہ ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ ترک حکام اکثر اپنے بیانات میں “نیوٹرلائز” کا لفظ استعمال کرتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ مبینہ دہشت گردوں نے یا تو ہتھیار ڈال دیے ہیں، مارے گئے ہیں یا پکڑے گئے ہیں۔
یواین آئی۔ م س








