ابوجا، وسطی نائجیریا کے دیہاتوں میں ہونے والے سلسلہ وار حملوں میں کم از کم 160 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ اطلاع منگل کے روز ژنہوا نے مقامی حکام کے حوالے سے دی۔
بوکوس مقامی حکومتی علاقہ کے ایک گاؤں مشو میں چرواہوں اور کسانوں کے درمیان تصادم میں 16 ہلاکتوں کے ابتدائی تعداد سے یہ بہت زیادہ اضافہ ہے۔
اے ایف پی نے بوکوس میں مقامی حکومت کے سربراہ کاسا کے حوالے سے بتایا کہ کم از کم 113 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اور 300 سے زائد زخمیوں کو بوکوس، جوس اور بارکن لاڈی کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
مقامی ریڈ کراس نے بوکوس علاقہ کے 18 دیہاتوں میں 104 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی۔ ریاستی پارلیمنٹ کے رکن ڈکسن چولوم کے مطابق، بارکن لاڈی کے علاقے کے کئی دیہاتوں میں کم از کم 50 افراد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
مئی کے بعد سے علاقے میں تشدد کی یہ بدترین لہر ہے، جب کسانوں اور چرواہوں کی جھڑپوں میں 100 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے۔ نائیجیریا کے شمالی اور وسطی علاقوں میں مسلح حملے بڑا سیکورٹی خطرہ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں اور اغواء کے واقعات آئے دن پیش آتے ہیں۔
یو این آئی۔ م ش۔