حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں کارگو جہاز پر تازہ ترین حملوں کا دعویٰ کیا

صنعاء، یمن کے حوثی باغیوں نے منگل کے روزبحیرہ احمر میں ایک تجارتی جہاز اور بحیرہ احمر کے شمالی حصے میں واقع اسرائیلی شہر ایلات پر تازہ ترین حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

حوثی فوج کے ترجمان یحیی ساریہ نے حوثی کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی پر براہ راست نشر ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ہماری بحری افواج نے ایم ایس سی یونائیٹڈ نامی تجارتی جہاز کے خلاف بحری میزائلوں سے فوجی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب جہاز کے عملے نے ہماری بحری افواج کی بات کا تین بار جواب دینے سے انکار کیا اور ہمارے ذریعہ بار بار وارننگ کے پیغامات کو نظر انداز کیا۔

دریں اثنا، برطانوی میری ٹائم واچ ڈاگ ایجنسی یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے یمن کے حوثی جنگجوؤں کے زیر کنٹرول بندرگاہی شہر حدیدہ سے 50 ناٹیکل میل مغرب میں بحیرہ احمر کے جنوبی سرے پر ایک تجارتی مال بردار جہاز کے قریب دو دھماکوں کی اطلاع دی۔

دریں اثنا، ترجمان نے کہا کہ حوثی فورسز نے “کئی خودکش ڈرونز” کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی شہر ایلات کی طرف ایک اور حملہ کیا۔ لیکن اسرائیلی فوج نے مداخلت کی ویڈیو فوٹیج جاری کرتے ہوئے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ایک اسرائیلی طیارے نے “ایک دشمن فضائی ہدف کو کامیابی سے روکا جو بحیرہ احمر کے علاقے میں اسرائیلی علاقے کے قریب پہنچا تھا۔”

فی الحال دونوں حملوں میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔

یواین آئی۔ م س

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں