عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کیخلاف شکایات کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کھول دیا

جینیوا، اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کے خلاف جنوبی افریقہ کی عالمی عدالت انصاف میں درخواست کے بعد انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) کے پراسیکیوٹر آفس نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم عوامی شکایات کیلئے کھول دیا۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا بھر سے لوگ غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم کے ثبوت آن لائن جمع کراسکیں گے۔

عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف مقدمے کو پاکستان، مالدیپ اور نمیبیا سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 800 سے زائد دانشوروں، بین الاقوامی ماہرین قانون کی حمایت حاصل ہے۔

جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف میں درخواست اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے کے خلاف دائر کی ہے، مقدمے کی سماعت 11 اور 12 جنوری کو ہوگی۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) سے رجوع کرلیا ہے۔

عالمی عدالت انصاف کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ جنوبی افریقہ نے اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے، جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف سے اسرائیل کے خلاف مقدمہ چلانےکی درخواست کی ہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کہا گیا کہ غزہ میں اسرائیلی اقدامات نسل کشی ہیں، اسرائیلی فوج غزہ میں فلسطینیوں کو جان بوجھ کر قتل کر رہی ہے اور غزہ کے بڑے حصے کو تباہ کردیا گیا ہے، اسرائیل کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کا مقصد فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنا ہے، اسرائیل کا یہ عمل نسل کشی کنوشن کی خلاف ورزی ہے۔

یو این آئی۔ ع ا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں