انتظامیہ شہروں کی تعمیر نو ، پولیس کو جرائم سے لڑنے کے لیے استثنیٰ فراہم کرے گی: ٹرمپ

واشنگٹن، سابق امریکی صدر اور 2024 میں ریپبلکن صدارتی نامزدگی کے دعویدار ڈونلڈ ٹرمپ نے آئیووا میں اپنے حامیوں سے عزم ظاہر کیا ہے کہ ان کی انتظامیہ جرائم کو روکنے کے لیے پولیس افسران کو بااختیار بنانے کے مقصد سے شہروں کی تعمیر نو اور انہیں محفوظ بنائے گی جس سے پولیس افسران کو جرائم سے لڑنے کے قابل ہونے کے لیے استثنیٰ حاصل ہوگی مسٹر ٹرمپ نے پیر کی رات آئیووا کاکس ووٹ جیتنے کے بعد کہا’’ہم اپنے شہروں کی تعمیر نو کرنے جا رہے ہیں، ہم انہیں محفوظ بنانے جا رہے ہیں، اور ہم اپنے پولیس افسران کو چھوٹ دینے جارہے ہیں تاکہ جب بھی وہ کچھ کریں گے ، ان پر مقدمہ نہ ہو، اور ہم اپنے شہروں میں جرائم کا خاتمہ کر سکیں۔‘‘ انہوں نے خاص طور پر امریکی دارالحکومت واشنگٹن کی تعمیر نو کا وعدہ کیا، جس میں سڑکوں پر لوگوں کو گولی مارنے اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو ’ناقابل یقین حد تک‘ سخت سزا دینا بھی شامل ہے۔

آئیووا ریپبلکن پارٹی کے نتائج سے پتہ چلا ہے کہ مسٹر ٹرمپ کو 51 فیصد ووٹ ملے اور فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس 21 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ اقوام متحدہ میں امریکہ کی سابق سفیر نکی ہیلی 19 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔

آئیووا ریپبلکن نیشنل کنونشن میں 40 مندوبین بھیجے گا۔ یہ کانفرنس 15 سے 18 جولائی کو ملواکی، وسکونسن میں ہونے والی ہے۔ کانفرنس میں کل 2500 افراد ووٹ ڈالیں گے۔ ریپبلکن پارٹی کی صدارتی نامزدگی جیتنے کے لیے امیدوار کو 1,215 مندوبین کے ووٹ حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

یو این آئی۔ این یو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں