وینزویلا میں حکومت مخالف سازش کے الزام کے تحت مسلح افواج سے 33 افراد کا اخراج

کراکس، وینزویلا کی بولیورین نیشنل آرمڈ فورسز (FANB) کے 33 فوجیوں اور اعلیٰ افسران کو حکومت کے خلاف سازش کرنے کے الزام میں فوج سے نکال دیا گیا ہے۔

وزارت دفاع نے بدھ کے روزایک بیان میں کہا، “یہ لوگ مجرمانہ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر کے قانونی طور پر تشکیل شدہ نظام حکومت پر حملہ کرنے کی سازشوں میں ملوث ہیں۔”

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی فوجی حیثیت کو ختم کرنا “ان روایات اور اخلاقی ضابطوں کے مطابق ہے جو FANB میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ مذکورہ افراد ہماری صفوں سے تعلق رکھنے کے لائق نہیں ہیں”۔

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کہا کہ نکالے گئے افراد “اعلیٰ قومی رہنما کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث تھے۔”

وزیر دفاع ولادیمیر پیڈرینو لوپیز کے دستخط کردہ بیان میں فوج سے نکالے گئے اعلیٰ ترین فوجی اہلکاروں کی فہرست دی گئی ہے، جن میں ایک میجر جنرل، دو کرنل اور چھ لیفٹیننٹ کرنل شامل ہیں۔

پیڈرینو لوپیز نے منگل کے روز 18 افراد کو ابتدائی طور پر برطرف کرنے کا اعلان کیا، جس کے ایک دن بعد وینزویلا کے پراسکیوٹر کے دفتر نے کہا کہ حکام نے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی پانچ سازشوں کا پردہ فاش کیا ہے، جس میں مادورو کو قتل کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

یو این آئی۔ م ش۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں