لندن، برطانوی وزیر مملکت برائے مشرق وسطیٰ امور طارق احمد نے کہا ہے کہ لندن غزہ کی پٹی میں حماس کی مسلسل حکمرانی کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے غزہ کی پٹی پر قبضے کے لیے تیاریاں اور مشاورت جاری ہے۔
لارڈ طارق احمد نے العربیہ/الحدث سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کے ملک نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے ایک راستہ تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔
فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے مشاورت میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے۔ ان کے ملک کی تاریخی پالیسی دو ریاستی حل کی حمایت کرتی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال کی نزاکت فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے ایک مخصوص ٹائم ٹیبل طے کرنے سے روکتی ہے۔ فلسطینیوں کے حقوق کی ضمانت کے لیے بین الاقوامی برادری کے موقف سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
برطانوی وزیر مملکت برائے مشرق وسطیٰ امور نے بھی اس بات پر زور دیا کہ لندن خطے میں کسی قسم کی کشیدگی نہیں دیکھنا چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بحیرہ احمر میں نیوی گیشن کی حفاظت اس کی ترجیح ہے۔
مشرق وسطیٰ کے لیے برطانوی وزیر مملکت نے کہا کہ ایران حماس، حوثیوں اور حزب اللہ کی حمایت کرتا ہے، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ اگر تہران کوئی کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو اسے خطے میں اپنی ملیشیاؤں کی حمایت بند کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لیطانی لائن کے پیچھے حزب اللہ کی واپسی کے لئے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے سکیورٹی کو برقرار رکھنے اور حزب اللہ کو وسطی اور شمالی لبنان میں دھکیلنے کے لیے لبنانی فوج کی حمایت پر زور دیا۔
غزہ میں تباہ کن انسانی صورت حال کے بارے میں انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے پٹی پر قبضہ کرنے سے پہلے غزہ کی انسانی ضروریات کو محفوظ بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے لیے’اونروا‘ کی فنڈنگ پہلے منظور کی گئی تھی اور لوگوں تک پہنچے گی۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا تھا کہ ان کا ملک غزہ میں جنگ بندی کے بعد فلسطینی ریاست کو سرکاری طور پر تسلیم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان دو ریاستی حل کے بارے میں برسوں سے جاری مذاکرات کے نتائج کا انتظار کیے بغیر فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بات علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے جمعرات کو لبنان کے دورے کے دوران کہی۔
کیمرون نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ جب تک حماس غزہ میں موجود ہے فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا، لیکن فلسطینی ریاست کو اس وقت تسلیم کیا جا سکتا ہے جب اسرائیل فلسطینی رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے۔
یواین آئی۔ م س